فیفا عالمی کلب فٹ بال ٹورنامنٹ میں منگل کو مزید چار میچوں کا فیصلہ ہوگا

پیر 23 جون 2025 13:06

فیفا عالمی کلب فٹ بال ٹورنامنٹ میں منگل کو مزید چار میچوں کا فیصلہ ہوگا
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2025ء) فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا کے زیر اہتمام امریکا میں جاری کلب ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں کل (منگل کو )مزید چار میچ کھیلے جائیں گے۔دو میچز گروپ سی اور دو میچز گروپ ڈی سے کھیلے جائیں گے۔ گروپ سی کا پہلا میچ آکلینڈ سٹی کلب اور بوکا جونیئرزکلب کی ٹیموں کے درمیان جیوڈیس پارک، نیش وِل کے مقام پر کھیلا جائے گا جبکہ گروپ سی کا دوسرا میچ بینفیکا کلب اور بائرن میونخ کلب کی ٹیموں کے درمیان بینک آف امریکا سٹیڈیم، شارلٹ میں کھیلا جائے گا۔

اسی طرح گروپ ڈی کا پہلا میچ لاس اینجلس کلب اور فلیمنگوکلب کی ٹیموں کے درمیان کیمپنگ ورلڈ سٹیڈیم، اورلینڈو میں کھیلا جائے گا جبکہ گروپ ڈی کا دوسرا میچ ایسپرینس ڈی تیونس کلب اور چیلسی کی ٹیموں کے درمیان لنکن فنانشل فیلڈ، فلاڈیلفیا کے مقام پر کھیلا جائے گا۔

(جاری ہے)

میگا ایونٹ کے تمام میچز امریکا کے 11 مختلف مقامات پر کھیلے جائیں گے جن میں پاساڈینا،ایسٹ ردرفورڈ،شارلٹ،اٹلانٹا فلاڈیلفیا،سیاٹل ،میامی گارڈنز،اورلینڈو،نیش ول،سنسناٹی اورواشنگٹن ڈی سی شامل ہیں ۔

14جون سے شروع ہونے والا کلب فٹ بال ورلڈ کپ کا 21 واں ایڈیشن 13جولائی کو ایسٹ ردرفورڈمیں کھیلے جانے والے فائنل میچ کے ساتھ اختتام پذیر ہو گا۔فیفا کلب ورلڈ کپ میں 32 کلب ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کےلئے پنجہ آزماہیں۔ انگلینڈ کی کلب ٹیم مانچسٹر سٹی میگا ایونٹ میں ٹائٹل کا دفاع کے لئے کوشاں ہے ۔ انگلینڈ کی کلب ٹیم مانچسٹر سٹی نے 2023 کے میگا ایونٹ کے فائنل میچ میں حریف برازیل کی کلب ٹیم فلومیننس کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 0-4گول سے شکست د ے کر ورلڈ چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

فیفاکلب ورلڈ کپ کی تاریخ میں سپین کی کلب ٹیم ریال میڈرڈ کو سب سے زیادہ پانچ مرتبہ ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔ میگا ایونٹ کاپری کوارٹر فائنل رائونڈ 28جون سے یکم جولائی تک کھیلا جائے گا جس کے بعد کوارٹر فائنلز 4 اور 5 جولائی کو کھیلے جائیں گے ، اس کے بعد میگا ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل 8جولائی جبکہ دوسرا سیمی فائنل میچ 9 جولائی کو کھیلا جائے گا۔فیفاکلب ورلڈ کپ 2026 کا فائنل میچ 13جولائی کو میٹ لائف سٹیڈیم، ایسٹ رودر فورڈ میں کھیلا جائے گا۔\932
وقت اشاعت : 23/06/2025 - 13:06:55