گال ٹیسٹ:پاکستان 417رنز پر آل آؤٹ ہوگیا، اسد شفیق، سرفراز،بابر کی شاندار بلے بازی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 20 جون 2015 15:40

گال ٹیسٹ:پاکستان 417رنز پر آل آؤٹ ہوگیا، اسد شفیق، سرفراز،بابر کی شاندار بلے بازی

گال(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار20جون۔2015ء) گال ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان کی پوری ٹیم 417رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئی ہے،اسد شفیق نے شاندار سنچری سکور کی۔ گال انٹر نیشنل سٹیڈیم میں جاری میچ میں پاکستان نے دن کا آغاز کل کے سکور 118رنز 5کھلاڑی آؤٹ پر کیا تو اس فالو آن سے بچنے کے لیے مزید 33رنز درکار تھے۔ وکٹ کیپر سرفراز احمد نے سری لنکا میں اپنی گزشتہ سال کی کارکردگی ایک بار پھر دہراتے ہوئے سری لنکن باؤلرز کو وکٹ کے چاروں جانب خوبصورت سٹروکس کھیلتے ہوئے اپنی نصف سنچری مکمل کی، اسی دوران ان کے ساتھی کھلاڑی اسد شفیق نے بھی اپنے 50رنز مکمل کیے، 96کے انفرادی سکور پر سرفراز احمد پرساد کی گیند پر سویپ شاٹ کھیلتے ہوئے بولڈ ہو کر اپنی چوتھی ٹیسٹ سنچری سے محرو م رہ گئے،انہوں نے اسی شاٹ کی مدد سے گزشتہ سال گال سٹیڈیم ہی میں اپنی سنچری مکمل کی تھی۔

(جاری ہے)

ان کے آؤ ٹ ہونے کے بعد وہاب ریاض بیٹنگ کے لیے آئے اور انہوں نے اسد شفیق کے ساتھ مل کرسکور کو آگے بڑھانا شروع کیا۔وہاب14رنز بنانے کے بعد پریرا کی گیند پر جارحانہ شاٹ مارنے کی کوشش میں بولڈ ہوگئے۔ان کے بعد آنے والے یاسر شاہ نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے سری لنکن باؤلرزکی دھلائی شروع کر دی تاہم 23کے انفرادی سکور پر وہ پرادیپ کا شکار بن گئے۔

ذوالفقار بابر نے اسد شفیق کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے سری لنکن باؤلرز پر چڑھائی کر دی اور اس دوران اسد نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی 7ویں سنچری اور بابر نے اپنی پہلی ٹیسٹ نصف سنچری مکمل کی۔ بابر 56رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد پریرا کی گیند پر وتھانیج کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ اسد شفیق پاکستان کے آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی تھے جو 131رنز کی شاندارباری کھیلنے کے بعد پریرا کی گیند پر چندیمل کے ہاتھوں سٹمپ آؤٹ ہوئے اور پاکستان کی پوری ٹیم 417رنز پر پوویلین لوٹ گئی،جنید خان 6رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جبکہ گرین شرٹس نے سری لنکا کے خلاف 117رنز کی برتری قائم کر لی ہے۔

پاکستان کی جانب سے اسد شفیق 131،سرفراز احمد 96اور ذوالفقار بابر 56رنز کیساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ سری لنکا کی جانب سے پریرا نے 4،پرساد نے 3،پرادیپ نے 2اور ہیراتھ نے 1وکٹ حاصل کی۔

وقت اشاعت : 20/06/2015 - 15:40:42