حنیف محمد ٹرافی گریڈ ٹو ، لاڑکانہ کی ٹیم کراچی بلیوز کے خلاف 81 رنز پر ڈھیر

بدھ 17 ستمبر 2025 21:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2025ء) حنیف محمد ٹرافی گریڈ ٹو کے چوتھے راؤنڈ کے دوسرے دن لاڑکانہ کی ٹیم کراچی بلیوز کے خلاف 81 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ فہد امین نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ کراچی بلیوز اپنی پہلی اننگز میں 335 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ رمیز عزیز نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 9 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 150 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

فاٹا کی ٹیم ملتان خلاف اپنی پہلی اننگز میں 284 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ محمد عثمان، شاہد عزیز اور وسیم خان نے نصف سنچریاں سکور کیں۔ ملتان کے علی عثمان نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 7 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ملتان نے دن کے اختتام پر اپنی پہلی اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنا لیے۔ زین عباس 89 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

(جاری ہے)

راولپنڈی نے ڈیرہ مراد جمالی کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 242 رنز بنا لیے اور اسے 122 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہو گئی ہے۔

عبدالفصیح نے شاندار سنچری سکور کی اور وہ 120 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ عاقب شاہ بھی 70 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ آزاد جموں و کشمیر کی ٹیم حیدرآباد کے خلاف پہلی اننگز میں 359 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ حسن رضا، اویس اکرم اور ندیم خلیل نے نصف سنچریاں سکور کیں۔ حیدرآباد نے کھیل کے اختتام پر 3 وکٹوں کے نقصان پر 236 رنز بنا لیے۔ زین العابدین 85 اور محمد سلیمان 66 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

کراچی وائٹس کی ٹیم لاہور بلیوز کے خلاف پہلی اننگز میں صرف 94 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ لاہور بلیوز کے عامر جمال نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں۔ لاہور بلیوز نے دوسری اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 205 رنز بنا لیے اور اسے 408 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہو گئی ہے۔ عمر صدیق نے 63 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ کپتان عمران بٹ 92 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ فیصل آباد نے کوئٹہ کے خلاف پہلی اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 371 رنز بنا لیے۔ عبدالصمد نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 127 رنز بنائے۔ دیگر بیٹرز میں اویس ظفر 90 اور عتیق الرحمن 58 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
وقت اشاعت : 17/09/2025 - 21:20:03