چوتھا ون ڈے، شاہینوں نے لنکا ڈھا دی ، چیمپینز ٹرافی میں شرکت کی امیدیں برقرار

بدھ 22 جولائی 2015 21:48

چوتھا ون ڈے، شاہینوں نے لنکا ڈھا دی ، چیمپینز ٹرافی میں شرکت کی امیدیں برقرار

کولمبو (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار22جولائی ۔2015ء ) چوتھے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو سات وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 3-1 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے، کولمبو کے پریما داسا سٹیڈٰم میں کھیلے جا رہے میچ کے آغاز میں ہی سری لنکا کو اس وقت نقصان اٹھانا پڑا جب بلے باز پریرا ایک غلط شارٹ کھیلنے کی کوشش میں آئوٹ ہو گئے۔ فاسٹ بولر محمد عرفان کی گیند پر نوجوان کھلاڑی عماد وسیم نے ان کا کیچ لیا۔

تاہم سری لنکن بلے بازوں نے ابتدائی نقصان کے بعد عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ تلکرتنے دلشان اور تھریمانے نے ٹیم کا سکور 109 رنز تک پہنچا دیا۔ دونوں بلے بازوں نے اس دوران اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کیں۔ پاکستان کو دوسری کامیابی دلشان کی صورت میں ملی جب عماد وسیم نے انھیں بولڈ کرکے پویلین کی راہ دکھلا دی۔

(جاری ہے)

تلکرتنے دلشان نے پچاس رنز کی اننگز کھیلی۔

سری لنکا کے آؤٹ ہونے والے تیسرے بلے باز کپتان اینجلو میتھیوز تھے جو 12 رنز بنانے کے بعد راحت علی کی گیند پر یاسر شاہ کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ پاکستانی بولرز نے نہایت عمدہ گیند بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کسی سری لنکن بلے باز کو جم کر نہ کھیلنے دیا۔ سری لنکا کی جانب سے تھریمانے 90 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔ ان کے علاوہ کوئی اور کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا۔

پاکستان کی جانب سے محمد عرفان نے 3، انور علی نے 2 جبکہ راحت علی، یاسر شاہ اور عماد وسیم نے 1-1 کھلاڑی کو آئوٹ کیا ۔ 257 رنز کے ہدف تعاقب میں اوپنر احمد شہزاد اور اظہر علی نے ٹیم کو عمدہ آغاز فراہم کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 75رنز جوڑے ، اظہر علی 33 رنز بنا کر مالنگا کی گیند پر کیچ آوٹ ہوکر پوویلین لوٹے،احمد شہزاد اور محمد حفیظ نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 120 رنز جوڑے ، شہزاد نروس 90 کا شکار ہوکر 95 کے انفرادی سکور پر پوویلین لوٹے، حفیظ بھی 75رنز بنا کر سری نوردنے کا شکار بنے جس کے بعد شعیب ملک نے 4 چھکوں کی مدد سے 29 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر ٹیم کی نیا کو پار لگا دیا ، سرفراز احمد 17 رنز پر ناٹ آوٹ رہے ، سری لنکا کی جانب سے ملنگا ،لکمل اور سری نوردنے نے 1-1 کھلاڑی آوٹ کیا ، اس فتح کے ساتھ ہی پاکستان نے 9 برس بعد سری لنکا کو اسکے اپنے ہی دیس میں ون ڈے سیریز میں مات دی ہے ، اس سے 2006ء میں گرین شرٹس نے سری لنکا کے خلاف کامیابی سمیٹی تھی ، سیریز میں کامیابی کے ساتھ ہی پاکستان نے چیمپینز ٹرافی میں شرکت کی اپنی امیدیں بھی بحال رکھی ہیں ، احمد شہزاد کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ،پاکستانی ٹیم کے لیے چیمپیئنز ٹرافی تک رسائی کے لیے یہ سیریز جیتنا لازمی تھا۔

اگر پاکستانی ٹیم یہ سیریز تین دو کے فرق سے جیتنے میں کامیاب ہوتی ہے تو آئی سی سی کی عالمی رینکنگ میں اس کے پوائنٹس 90 اور چار ایک سے جیتنے کی صورت میں 92 ہو جائیں گے۔ واضح رہے کہ بنگلہ دیش نے جنوبی افریقہ کے خلاف ایک ون ڈے جیت کر چیمپیئنز ٹرافی میں جگہ بنا لی ہے اور اب ویسٹ انڈیز اور پاکستان میں سے کوئی ایک ٹیم آٹھ ٹیموں کے آئی سی سی ایونٹ میں حصہ لے سکے گی جو 2017 میں انگلینڈ میں کھیلا جائے گا۔

وقت اشاعت : 22/07/2015 - 21:48:14