سرگودھا میں اسکواش کی بحالی کا مشن، نو منتخب ڈویژنل کابینہ کے پہلے اجلاس کا انعقاد

اتوار 9 اگست 2026 17:02

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اگست2026ء) سرگودھا ڈویژن اسکواش ایسوسی ایشن کی نو منتخب کابینہ کا پہلا اجلاس سرگودھا جمخانہ کلب میں صدر چوہدری وارث ندیم وڑائچ کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں اسکواش کے فروغ، نئے ٹیلنٹ کی تلاش اور تنظیمی امور سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔ چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی خان آصف خان، ڈائریکٹر ایڈمن طارق اعوان بھی اجلاس میں شریک تھے۔

سیکرٹری رمشا طارق نے الیکشن رپورٹ پیش کی۔اجلاس میں آئندہ تین سال کے لیے جامع ایکشن پلان مرتب کرنے، گراس روٹ لیول پر اسکواش کو فروغ دینے، سکول آئوٹ ریچ پروگرام شروع کرنے، مختلف تعلیمی اداروں کے دوروں، مستقل کوچنگ کیمپس کے انعقاد، ایسوسی ایشن کی ویب سائٹ، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز فعال کرنے اور تنظیم کے مالی وسائل بڑھانے کے لیے عہدید اران کی ماہانہ مالی معاونت اور سپانسرز کی تلاش کا فیصلہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں متفقہ طور پر 14 اگست کو سرگودھا جمخانہ کلب میں "انڈیپنڈنس ڈے اسکواش کپ" کے انعقاد کی منظوری دی گئی، جس میں بوائز اور گرلز کی مختلف کیٹیگریز کے مقابلے ہوں گے۔ صدر چوہدری وارث ندیم وڑائچ نے تنظیمی امور کو مزید موثر بنانے کے لیے کابینہ میں توسیع کا اعلان کرتے ہوئے ڈاکٹر عتیقہ ریحان، یاسر لطیف وڑائچ، راجہ محمد اسد عباس، محمد عامر چوہدری اور کامران فہیم ہنجرا کو نائب صدر، سجاد حسین بھٹی کو پریس سیکرٹری، جنید خان اورظہیراحمدکو جوائنٹ سیکرٹری جبکہ محمد احتشام کوسیکرٹری کوآرڈینیشن مقرر کرنے کا اعلان کیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر چوہدری وارث ندیم وڑائچ نے کہا کہ ایسوسی ایشن کا نصب العین نوجوان ٹیلنٹ کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنا اور پنجاب اسکواش ایسوسی ایشن، سرکاری و نجی اداروں اوراسپانسرزکے تعاون سے سرگودھاکو ملک کا نمایاں اسکواش مرکز بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام عہدیداران باہمی اتحاد، ٹیم ورک اور عملی اقدامات کے ذریعے اسکواش کے فروغ کے لیے بھرپورکردار ادا کریں گے۔
وقت اشاعت : 09/08/2026 - 17:02:01