آزادی سپورٹس فیسٹیول، پشاور ریجن نے کبڈی چیلنج کپ جیت لیا

پشاور ریجن نے لکی مروت کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 50 کے مقابلے میں 44 پوائنٹس سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کرلی

جمعہ 14 اگست 2026 13:15

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2026ء) ڈائریکٹریٹ جنرل آف سپورٹس خیبرپختونخوا کے زیرِ اہتمام جشنِ آزادی سپورٹس فیسٹیول کے سلسلے میں منعقدہ کبڈی چیلنج کپ پشاور ریجن نے اپنے نام کر لیا۔ فائنل میں پشاور ریجن نے لکی مروت کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 50 کے مقابلے میں 44 پوائنٹس سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کی۔پشاور سپورٹس کمپلیکس میں کھیلے گئے فائنل میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔

مقابلے کے دوران کھلاڑیوں کی بہترین ریڈز اور دفاعی کھیل نے میچ کو انتہائی دلچسپ بنائے رکھا، جبکہ ہزاروں تماشائیوں نے گراؤنڈ میں موجود ہو کر اپنی اپنی ٹیموں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔میچ کے اختتام پر پشاور ریجن نے 50 پوائنٹس حاصل کرکے کامیابی اپنے نام کی، جبکہ لکی مروت کی ٹیم 44 پوائنٹس کے ساتھ رنر اپ رہی۔

(جاری ہے)

تقریب کے مہمان خصوصی مشیر کھیل و امور نوجوانان خیبرپختونخوا تاج محمد خان ترند نے فاتح ٹیم کے کھلاڑیوں میں انعامات اور ٹرافی تقسیم کی۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبرپختونخوا تاشفین حیدر، صوبائی کبڈی ایسوسی ایشن کے صدر ارباب نصیر، جنرل سیکرٹری سلطان بری سمیت کھیلوں سے وابستہ شخصیات بھی موجود تھیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیر کھیل تاج محمد خان ترند نے دونوں ٹیموں کو بہترین کھیل پیش کرنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ جشنِ آزادی کے موقع پر کھیلوں کی ایسی سرگرمیوں کا انعقاد نوجوانوں میں قومی جذبہ، مثبت سوچ اور صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کھیلوں کے فروغ اور نوجوان کھلاڑیوں کو بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔
وقت اشاعت : 14/08/2026 - 13:15:06