سپاٹ فکسنگ ، کرپشن الزامات کے بعد آئی پی ایل کو ایک اور بڑا دھچکا ، مرکزی سپانسر پیپسی سپانسر شپ سے دستبردار

جمعہ 9 اکتوبر 2015 17:50

سپاٹ فکسنگ ، کرپشن الزامات کے بعد آئی پی ایل کو ایک اور بڑا دھچکا ، مرکزی سپانسر پیپسی سپانسر شپ سے دستبردار

نیو دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 اکتوبر۔2015ء) اسپاٹ فکسنگ اور کرپشن الزامات کے بعد انڈین پریمیئر لیگ کو ایک اور بڑا دھچکا لگا ہے اور لیگ کے مرکزی اسپانسر پیپسی نے بی سی سی آئی کو اسپانسر شپ سے دستبردار ہونے سے آگاہ کردیا ہے۔پیپسی نے 2012 میں آئی پی ایل کیلئے ہندوستانی کرکٹ بورڈ(بی سی سی آئی) سے پانچ سالہ معاہدہ کیا تھا لیکن وہ معاہدے کی مدت کے خاتمے سے قبل ہی اس سے دستبردار ہونا چاہتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پیپسی کا کہنا ہے کہ آئی پی ایل کی وجہ سے کھیل کی ساکھ متاثر ہوئی ہے اور وہ اس لیگ سے الگ ہونا چاہتے ہیں۔ادھر بی سی سی آئی نے پیپسی کی جگہ لیگ میں دلچسپی رکھنے والے دیگر بڑے اسپانسرز سے بات چیت شروع کردی ہے۔تاہم بی سی سی آئی کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ پیپسی نے لیگ سے الگ ہونے کی خواہش ظاہر کی ہے لیکن اس کی وجہ کرپشن یا دیگر معاملات نہیں، وہ اپنی ذاتی وجوہات کی بنا پر لیگ سے الگ ہونا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

تاہم اس حوالے سے پیپسی کے حکام سے رابطہ ممکن نہیں ہو سکا۔ادھر چیئرمین آئی پی ایل راجیو شکلا نے کہا کہ پیپسی سے معاہدہ ختم ہونا بڑا مسئلہ نہیں اور بورڈ اس معاملے کو حل کرنے کیلئے دیگر اسپانسرز سے رابطہ کر رہا ہے۔اس معاملے پر حتمی فیصلہ 18 اکتوبر کو ہونے والے بی سی سی آئی کے ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں متوقع ہے۔ `

وقت اشاعت : 09/10/2015 - 17:50:36