مصباح الحق نے فوری طور پر ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ موخر کر دیا

ہفتہ 31 اکتوبر 2015 19:52

مصباح الحق نے فوری طور پر ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ موخر کر دیا

شارجہ ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 اکتوبر۔2015ء) پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے فوری طور پر ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ موخر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگلی ٹیسٹ سیریز تک کافی وقت ہے لہٰذا وہ اس دوران سوچ بچار کے بعد فیصلہ کریں گے،انگلش ٹیم نے پچھلے دونوں ٹیسٹ میچوں میں اچھی کرکٹ کھیلی ہے اور وہ ہمیں آسانی سے سیریز نہیں جیتنے دے گی، مقابلہ سخت ہو گا ۔

مصباح الحق نے گزشتہ روز شارجہ سٹیڈیم میں ٹیم کی پریکٹس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ شارجہ ٹیسٹ سے قبل اپنے مستقبل کے بارے میں فیصلہ کرنے والے تھے لیکن اب ان کا خیال ہے کہ اس سیریز کے بعد انہیں سوچنے کے لیے کافی وقت ملا ہے لہٰذا اس مرحلے پر وہ کوئی فیصلہ نہیں کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کی پوری کوشش ہوگی کہ تیسرے ٹیسٹ میں مثبت سوچ کے ساتھ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر کے میچ جیتا جائے۔

(جاری ہے)

دبئی ٹیسٹ کی جیت سے یقینا ٹیم کا حوصلہ بلند ہے اور اسی سپرٹ کے ساتھ یہ میچ بھی کھیلیں گے۔مصباح الحق تیسرے ٹیسٹ میں انگلینڈ سے سخت مقابلے کی توقع کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ انگلش ٹیم نے پچھلے دونوں ٹیسٹ میچوں میں اچھی کرکٹ کھیلی ہے اور وہ انھیں آسانی سے سیریز نہیں جیتنے دے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ انگلینڈ کی ٹیم ان کنڈیشنز میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے مقابلے میں زیادہ سخت جاں حریف ثابت ہوئی ہے۔

شارجہ کی وکٹ کے بارے میں مصباح الحق کا کہنا تھا کہ چونکہ نئی وکٹ ہے لہٰذا اس کے بارے میں کوئی بات یقین سے نہیں کہی جاسکتی تاہم یہ ایسی وکٹ نہیں جس پر تین ریگولر سپنرز کھلائے جائیں۔شارجہ ٹیسٹ میں پاکستان کی ممکنہ ٹیم یہ ہے۔ مصباح الحق (کپتان)، اظہرعلی، محمد حفیظ، شعیب ملک، یونس خان، اسد شفیق، سرفراز احمد، وہاب ریاض، یاسر شاہ، ذوالفقار بابر اور راحت علیشامل ہیں ۔ واضح رہے کہ موجودہ سیریز شروع ہونے سے قبل مصباح الحق نے عندیہ دیا تھا کہ یہ ان کی آخری ٹیسٹ سیریز ثابت ہوسکتی ہے تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہر یار خان نے ان سے درخواست کی تھی کہ انھیں ابھی ریٹائر نہیں ہوناچاہیے اور وہ آئندہ سال انگلینڈ کے دورے میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کریں۔

وقت اشاعت : 31/10/2015 - 19:52:57

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :