انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سکواڈ میں شامل چار کرکٹرز وطن واپس بھیج دیے گئے

عمران خان، جنید خان، شان مسعود اور فواد عالم شامل

پیر 2 نومبر 2015 22:26

انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سکواڈ میں شامل چار کرکٹرز وطن واپس بھیج دیے گئے

شارجہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔2 نومبر۔2015ء)انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سکواڈ میں شامل چار کرکٹرز وطن واپس بھیج دیے گئے ہیں جن میں عمران خان، جنید خان، شان مسعود اور فواد عالم شامل ہیں۔پاکستانی کرکٹ ٹیم کے منیجر انتخاب عالم نے غیرملکی میڈیا کو بتایا کہ عمران خان شارجہ ٹیسٹ سے قبل ان فٹ ہوگئے تھے جبکہ جنید خان شان مسعود اور فواد عالم کا ون ڈے ٹیم میں منتخب کیے جانے کا امکان نہیں ہے لہٰذا انہیں بھی وطن بھیجا گیا ہے۔

جنید خان اور فواد عالم تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے کسی میچ میں حصہ نہ لے سکے۔ شان مسعود ابوظہبی اور دبئی ٹیسٹ کھیلے تھے جن کی چار اننگز میں وہ صرف اٹھاون رنز بناسکے۔ چاروں اننگز میں انہیں جیمز اینڈرسن نے آؤٹ کیا تھا۔عمران خان نے دد ٹیسٹ میچوں میں چھ وکٹیں حاصل کی تھیں۔

(جاری ہے)

انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم کا اعلان آئندہ چند روز میں ہونے والا ہے جس کے لیے چیف سلیکٹر ہارون رشید ان دنوں شارجہ میں موجود ہیں۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان چار ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے جائیں گے۔پہلے دو ون ڈے گیارہ اور تیرہ نومبر کو ابوظہبی میں کھیلے جائیں گے۔ تیسرا ون ڈے سترہ نومبر کو شارجہ اور چوتھا ون ڈے بیس نومبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔دو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل 26 اور 27 نومبرکو دبئی میں ہونگے جبکہ تیسرا ٹی ٹوئنٹی 30 نومبر کو شارجہ میں کھیلا جائے گا۔

وقت اشاعت : 02/11/2015 - 22:26:31