یونیورسٹی آف سرگودھا میں منعقدہ آل پاکستان فٹ بال چیمپئن شپ اختتام پذیر،یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب نے ٹرافی جیت لی

اتوار 28 اپریل 2024 14:30

سرگودہا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2024ء) یونیورسٹی آف سرگودھا میں منعقدہ آل پاکستان فٹ بال چیمپئن شپ اختتام پذیر ہو گئی۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے زیر اہتمام منعقدہ آل پاکستان فٹ بال چیمپئن شپ کی میزبانی کے فرائض ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس یونیورسٹی آف سرگودھا نے سر انجام دیے جس میں پاکستان بھر کی16جامعات کی فٹ بال ٹیموں نے شرکت کی اور ٹرافی اپنے نام کرنے کیلئے پُرجوش کھیل کا مظاہرا کیا۔

فٹ بال چیمپئن شپ کا فائنل یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب لاہور اور پنجاب یونیورسٹی لاہور کے درمیان کھیلا گیا۔ یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب نے شاندار کھیل کا مظاہرا کرتے ہوئے چیمپئن شپ اپنے نام کی۔آل پاکستان فٹ بال چیمپئن کی اختتامی تقریب میں سرگودھا کی نامور کاروباری شخصیت شاہد محمود، ڈائریکٹر سپورٹس مہر احمد خان ہرل، انچارج سپورٹس سائنسز یاسر اقبال وڑائچ، ڈائریکٹر سپورٹس یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب لاہور محمد ارشد ستار سمیت، کوچنگ سٹاف، میچ آفیشلز اور کھلاڑیوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

محمد ارشد ستار اور مہر احمد خان ہرل نے فٹ چیمپئن شپ جیتنے پر یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب کو ٹائٹل ٹرافی جبکہ پنجاب یونیورسٹی کو دوسری پوزیشن کی ٹرافی سے نوازا۔ دونوں جامعات کی ٹیموں میں پہلی اور دوسری پوزیشن کی انعامی رقم بھی دی گئی۔ اس موقع پر مہر احمد خان ہرل نے فٹ بال چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد پر سپورٹنگ سٹاف، میچ آفیشلز اور فتح حاصل کرنے والی ٹیموں کو مبارک باد دی اور فٹ بال چیمپئن شپ کی میزبانی یونیورسٹی آف سرگودھا کو دینے پر ایچ ای سی کا شکریہ ادا کیا۔
وقت اشاعت : 28/04/2024 - 14:30:21

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :