احمد شہزاد کو اس لیے حتمی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا کیونکہ وہ جگہ بنانے میں ناکام رہے،ہارون الرشید

جمعرات 19 نومبر 2015 22:38

احمد شہزاد کو اس لیے حتمی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا کیونکہ وہ جگہ بنانے میں ناکام رہے،ہارون الرشید

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔19 نومبر۔2015ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر ہارون الرشید نے اوپننگ بیٹسمین احمد شہزاد کے ہیڈ کوچ وقار یونس اور ٹیم انتظامیہ کے ساتھ مسائل کی وجہ سے ٹیم میں عدم شمولیت پر مبنی خبر کی تردید کردی۔ہارون الرشید کاکہناتھا کہ "احمد شہزاد کو اس لیے حتمی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا کیونکہ وہ جگہ بنانے میں ناکام رہے"۔

خبروں میں یہ بات گردش کررہی تھی کہ احمد شہزاد کو ہیڈ کوچ وقاریونس اور ٹیم انتظامیہ کے کچھ ارکان نے ون ڈے ٹیم سے باہر رکھا ہے کیونکہ وہ قواعد کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے تھے۔تاہم ہارون الرشید نے ان تمام افواہوں کومسترد کرتے ہوئے کہا کہ احمد شہزاد کو ان کے رویے یا قواعد کی خلاف ورزی پر ٹیم سے باہر نہیں رکھا گیا، یہ خبریں صرف میڈیا نے پھیلائی ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا احمد شہزاد کو اس وقت ٹیم میں شامل کرلیا جائے گا جب وہ اس کے اہل ہوں گے.احمد شہزاد نے اپنے ون ڈے کیریئر کا آغاز 2009 میں آسٹریلیا کے خلاف دبئی میں کیا تھا اور اب تک 72 میچوں میں 34.81 کی اوسط سے 2ہزار 472 رنز بنا چکے ہیں، جس میں 6 سنچریاں اور 13 نصف سنچریاں شامل ہیں.سال 2015 میں انھوں نے اب تک 16 ایک روزہ میچوں میں اسی اوسط سے چار نصف سنچریوں کی مدد سے 557 رنز بنائے ہیں۔

ایک سوال پرکہ کیا احمد شہزاد کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں موقع دیا جائے گا، ہارون الرشید کا کہنا تھا کہ "ہمارا کام 15 رکنی ٹیم کا انتخاب ہے، یہ ٹیم انتظامیہ کا کام ہے کہ احمد شہزاد کو حتمی ٹیم میں شامل کرے ہیں یانہیں"۔عمر اکمل کے حوالے سے ہارون الرشید نے کہا کہ ان کا کیس پی سی بی چیئرمین کے پاس تھا اور اس پر ابھی فیصلہ آنا باقی ہے۔

وقت اشاعت : 19/11/2015 - 22:38:32