فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کو سدھارنے کیلیے اہم عہدوں پرخواتین لگانیکی تجویز زیر غور

ہفتہ 21 نومبر 2015 11:42

فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کو سدھارنے کیلیے اہم عہدوں پرخواتین لگانیکی تجویز زیر غور

سڈنی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 21نومبر- 2015ء) فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا پر جو پچھلے کئی سال سے کرپشن سکینڈل سے دوچار ہے کو اصلاح کے لیے دباؤ بڑھتا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں سب سے مقبول اور کارگر نسخہ یہ تجویز کیا جا رہا ہے کہ فیفا میں زیادہ سے زیادہ اہم عہدوں پر خواتین کو فائز کیا جائے ۔ فیفا کے اہم عہدوں پر خواتین کو فائز کرنے کے لئے حالات سازگار نہیں ہیں کیوں کہ جب فروری میں فیفا کی کانگریس میٹنگ ہوگی تو اس میں ایک فیصد سے بھی کم ووٹرز خواتین ہونگی ۔

(جاری ہے)

نیشل سوکر بورڈز میں مشکل سے 8 فیصد خواتین ہیں ۔ خاتون فٹ بالر ایک تخمینے کے مطابق صرف 10 فیصد جب کہ خاتون فٹ بال کوچ صرف 7 فی صد ہیں ۔ حتی کہ فیفا کی 13 رکنی ریفارم کمیٹی جو اصلاحات تیار کرنے جا رہی ہے اس میں بھی صرف ایک خاتون شامل ہیں جب کہ کارپوریٹ اسپانسرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی متفقہ رائے ہے کہ فیفا اور اس کے ذریعے فٹ بال کی دنیا کو تب ہی سدھارا جا سکتا ہے جب دنیا کی آدھی آبادی کو جو خواتین پر مشتمل ہے صحیح نمائندگی دی جائے ۔

وقت اشاعت : 21/11/2015 - 11:42:26