سٹیڈیم سے ملنے والا مشتبہ پیکٹ تربیت میں استعمال ہونے والا آلہ تھا ، پولیس

پیر 16 مئی 2016 14:22

سٹیڈیم سے ملنے والا مشتبہ پیکٹ تربیت میں استعمال ہونے والا آلہ تھا ، پولیس

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔16 مئی۔2016ء)پولیس حکام نے تصدیق کی ہے کہ مانچسٹر یونائیٹڈ کے سٹیڈیم سے ملنے والا مشتبہ پیکٹ تربیت میں استعمال ہونے والا آلہ تھا۔مانچسٹر میں بم ڈسپوزل سکواڈ نے اس مشتبہ پیکٹ کو دھماکے سے تباہ کر دیا تھا اور کہا تھا کہ اس سے پیکٹ سے دھماکہ نہیں ہو سکتا تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ’ایک نجی کمپنی بدھ کو ہونے والے تربیتی مشق کے بعد یہ آلہ حادثاتی طور پر سٹیڈیم میں بھول گئی۔

‘انگلش پریمیئر لیگ کا میچ اب دوبارہ منگل کو برطانیہ کے وقت کے مطابق آٹھ بجے کھیلا جائے گا۔گریٹر مانچسٹر کے میئر اور پولیس کمشنر نے کہا ہے کہ’ یہ صورتحال ناقابل قبول ہے اور وہ فوری تحقیقات چاہتے ہیں کہ یہ کیسے ہوا اور کیوں ہوا اور اس کا ذمہ دار کون ہے۔

(جاری ہے)

‘خیال رہے کہ پیکٹ ملنے کی وجہ سے انگلش پریمیئر لیگ کے آخری دن مانچسٹر یونائیٹڈ اور بورن متھ کے درمیان کھیلا جانے والا میچ منسوخ کر دیا گیا تھا۔

یہ میچ مانچسٹر کے اولڈ ٹریفرڈ سٹیڈیم میں مقامی وقت کے مطابق شام تین بجے شروع ہونا تھا لیکن پہلے اس کے آغاز میں تاخیر کا اعلان کیا گیا اور پھر اسے منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔مانچسٹر یونائیٹڈ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ میچ کی منسوخی کا فیصلہ پولیس کے مشورے پر کیا گیا۔میچ سے قبل وارم اپ کے لیے کھلاڑی پر پچ پر آ گئے تھے تاہم دو بج کر 40 منٹ پر ’آپریشن ریڈ کوڈ‘ الرٹ جاری ہونے کے بعد وہ بھی واپس چلے گئے۔کھیل کے آغاز سے قبل ہی میدان میں ایک مشتبہ پیکٹ کی موجودگی کی اطلاعات پر سر ایلکس فرگوسن سٹینڈ اور سٹریٹفرڈ اینڈ سٹینڈ کو تماشائیوں سے خالی کروا لیا گیا تھا۔

وقت اشاعت : 16/05/2016 - 14:22:31