نئے ہیڈ کوچ مکی آرتھر جلد ہی پاکستان آکر اپنے فرائض سرانجام دینا شروع کردیں گے‘ شہریار خان

آئندہ دو تین روز میں دورہ انگلینڈ کیلئے ٹیم کا اعلان کر دیا جائیگا، حفیظ فِٹ نہ ہوئے تو ان کا متبادل تلاش کرنا ہو گا‘ میڈیا سے گفتگو

جمعہ 3 جون 2016 21:50

نئے ہیڈ کوچ مکی آرتھر جلد ہی پاکستان آکر اپنے فرائض سرانجام دینا شروع کردیں گے‘ شہریار خان

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 جون۔2016ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریارخان نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ مکی آرتھر جلد ہی پاکستان آکر اپنے فرائض سرانجام دینا شروع کردیں گے،آئندہ دو تین روز میں دورہ انگلینڈ کیلئے ٹیم کا اعلان کر دیا جائے گا، اگر محمد حفیظ دورے سے قبل مکمل فِٹ نہ ہوئے تو ان کا متبادل تلاش کرنا ہو گا۔

جم خانہ گراؤنڈ لاہور میں کاردار کپ کی افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے شہریار خان نے کہا کہ کاردار کپ انڈر 16اسکولز کرکٹ ٹونامنٹ میں ایک ہزار ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں بہت سے نجی اسکول بھی شامل ہیں، انہی نوجوانوں میں سے بہت سے کھلاڑی کل بین الاقوامی کرکٹ میں بھی نظر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل ہی پاکستان کا مستقبل ہے، اس ٹورنامنٹ میں بھی کھلاڑیوں کی فیلڈنگ اور فٹنس پر بھرپور توجہ دی جائے گی، کرکٹ میں عمر کی تصدیق پر بھی کام ہورہا ہے، مستقبل میں انڈر 19 اور انڈر 16 کرکٹ مقابلے صحیح معنوں میں عمرکے مطابق ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسکولوں کی طرح یونیورسٹیز کے طلبا کے بھی مقابلے کرائے جائیں گے کیونکہ ماضی کے تمام بڑے کھلاڑی یونیورسٹیوں سے ہی نکل کر آئے تھے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے حوالے سے شہریار خان کا کہنا تھا کہ مکی آرتھر کو تاحال پاکستان کا ویزا نہیں ملا اور امید ہے کہ آئندہ بدھ یا جمعرات تک انہیں ویزا مل جائے گا اور وہ پاکستان آکر اپنے فرائض سرانجام دینا شروع کردیں گے ۔انہوں نے کہاکہ نوجوان کرکٹرز کا ٹیلنٹ دیکھ کر متاثر ہوئے ہیں۔چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ آئندہ دو تین روز میں دورہ انگلینڈ کیلئے ٹیم کا اعلان کر دیا جائے گا، اگر محمد حفیظ دورے سے قبل مکمل فِٹ نہ ہوئے تو ان کا متبادل تلاش کرنا ہو گا۔

وقت اشاعت : 03/06/2016 - 21:50:15

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :