سہ فریقی کرکٹ سیریز ‘ ویسٹ انڈیز نے جنوبی افریقہ کو 100 رنز سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا

ہفتہ 25 جون 2016 12:29

سہ فریقی کرکٹ سیریز ‘ ویسٹ انڈیز نے جنوبی افریقہ کو 100 رنز سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا

بریج ٹاؤن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 جون ۔2016ء) بریج ٹاوٴن میں کھیلے جانے والے سہ فریقی کرکٹ سیریز کے نویں میچ میں ویسٹ انڈیز نے جنوبی افریقہ کو 100 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 286 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 46 ویں اوور میں صرف 185 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔جنوبی افریقہ کی جانب سے ہاشم آملہ اور کوئنٹن ڈی کاک نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 16 رنز بنائے۔

جنوبی افریقہ کے بیٹسمین ویسٹ انڈیز کے بالروں کی عمدہ بولنگ کا سامنا نہ کر سکے اور اس کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں ‘مہمان ٹیم کی جانب سے فرحان بہار دین نے چار چوکوں کی مدد سے 35 ‘ مورنی مورکل نے تین چوکوں کی مدد سے 32 رنز بنائے اور آوٴٹ نہیں ہوئے۔

(جاری ہے)

میزبان ٹیم کی جانب سے سنیل نارائن اور ٹیری گیبرئیل نے تین، تین اور کارلوس براتھ ویٹ نے دو کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا ‘اس سے پہلے ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 49.5 اوورز میں 285 رنز بنا کر آوٴٹ ہو گئی تھی۔

میزبان ٹیم کی جانب سے ڈیرن براوو نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری بنائی۔ انھوں نے 12 چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 102 رنز بنائے۔ویسٹ انڈیز کے دیگر بیٹسمینوں میں پولارڈ نے سات چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 62 ‘ جیسن ہولڈر نے تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 40 رنز بنائے۔جنوبی افریقہ کی جانب سے ربادا اور کرس مورس نے تین، تین جبکہ مورکل اور پارنل نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٴٹ کیا۔ویسٹ انڈیز کے ڈیرن براوو کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

وقت اشاعت : 25/06/2016 - 12:29:32

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :