مکی آرتھرروزے میں پلیئرز کی سخت ٹریننگ سے شدیدمتاثر

بغیر کچھ کھائے پئے سخت ٹریننگ میں حصہ لینا متاثرکن ،کھلاڑیوں کا جذبہ قابل تعریف ہے، گرین شرٹس میں بہترین ٹیلنٹ موجود ہے، ایک سے بڑھ کر ایک پلیئر ہے جو اپنی پرفارمنس سے کبھی بھی کچھ بھی کرسکتے ہیں، ٹیم فیلڈنگ میں کمزور ہے ،اسٹیو رکسن کی مدد سے اس کمزوری پر بھی قابو پالیا جائیگا،امید ہے انگلینڈ کے خلاف سیریز زبردست ہوگی،مکی آرتھر

اتوار 26 جون 2016 17:41

مکی آرتھرروزے میں پلیئرز کی سخت ٹریننگ سے شدیدمتاثر

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 جون ۔2016ء)قومی کرکٹ ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ مکی آرتھر رمضان المبارک میں روزے کے دوران پاکستانی کرکٹرز کی سخت ٹریننگ سے کافی متاثر ہوئے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ بغیر کچھ کھائے پئے سخت ٹریننگ سیشن میں حصہ لینا متاثرکن ہے،کھلاڑیوں کا یہ جذبہ قابل تعریف ہے۔برطانوی اخبا ر کو انٹرویو دیتے ہوئے پاکستانی کوچ مکی آرتھر بھی اس بات کی تصدیق کرتے نظر آئے کہ گرین شرٹس میں بہترین ٹیلنٹ موجود ہے، ایک سے بڑھ کر ایک پلیئر ہے ،جو اپنی پرفارمنس سے کبھی بھی کچھ بھی کرسکتے ہیں ،مصباح کی لیڈرشپ میں ٹیم فوکسڈ ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لئے سخت محنت کررہی ہے،2010 کی تکلیف دہ یادوں سے جان چھڑانے کے لئے مصباح اینڈ کمپنی سوفیصدپرفارمنس دینے کیلئے تیار ہیں۔

(جاری ہے)

مکی آرتھر جس بات سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے وہ 15 گھنٹے کا روزہ تھا،ان کا کہنا تھا کہ کپتان مصباح او ر یونس خان نے ان سے درخواست کی کہ وہ ہر طرح کی ٹریننگ کرنے کو تیار ہیں،جیسا آپ چاہتے ہیں رزلٹ آپ کو وہی ملے گا،بس انہیں روزہ رکھنے دیا جائے۔

مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ بغیر کچھ کھائے پئے روزہ رکھ کر سخت ٹریننگ کرنا یہ جذبہ واقعی سراہنے کے قابل ہے۔مکی آرتھر نے کہا کہ پاکستان ٹیم فیلڈنگ کے شعبے میں کمزور ہے ،اسٹیو رکسن کی مدد سے اس کمزوری پر بھی قابو پالیا جائیگا،امید ہے انگلینڈ کے خلاف سیریز زبردست ہوگی۔

وقت اشاعت : 26/06/2016 - 17:41:21