مجوزہ چیمپئنز ٹرافی 2025ء کے شیڈول میں بھارت کے میچز، فائنل لاہور میں رکھنے کی تجویز

ہندوستانی ٹیم کو ایک شہر میں رکھنے کا فیصلہ واہگہ بارڈر سے قریب ہونے کیساتھ لاجسٹک اور سکیورٹی چیلنجوں کو کم کرنے کے لیے سٹریٹجک اقدام ہوگا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 2 مئی 2024 11:33

مجوزہ چیمپئنز ٹرافی 2025ء کے شیڈول میں بھارت کے میچز، فائنل لاہور میں رکھنے کی تجویز
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 2 مئی 2024ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 2025ء کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کا ڈرافٹ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو پیش کر دیا ہے جس میں تجویز دی گئی ہے کہ بھارت سمیت تمام میچز پاکستان میں کرائے جائیں۔ کرکٹ ٹورنامنٹ کا نواں ایڈیشن فروری اور مارچ 2025ء میں ہونے والا ہے۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ "ہم پاکستان میں مکمل چیمپئنز ٹرافی چاہتے ہیں۔

ہم نے شیڈول پہلے ہی آئی سی سی کو جمع کرایا ہے۔ آئی سی سی کی سیکورٹی ٹیم پاکستان آئی اور وہ انتظامات سے بہت خوش ہیں"۔ مجوزہ شیڈول کے مطابق کراچی، لاہور اور راولپنڈی وہ تین مقامات ہیں جنہیں پی سی بی نے دو ہفتے تک جاری رہنے والے ایونٹ کی میزبانی کے لیے مختص کیا ہے۔

(جاری ہے)

ڈرافٹ شیڈول سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت اپنے تمام میچ لاہور میں کھیلے گا جہاں فائنل بھی ہونا ہے۔

ہندوستانی ٹیم کو ایک شہر میں رکھنے کے اس فیصلے کو لاہور کی واہگہ بارڈر سے قربت کے ساتھ لاجسٹک اور سکیورٹی چیلنجوں کو کم کرنے کے لیے ایک سٹریٹجک اقدام کے طور پر دیکھا جا رہا ہے جو ممکنہ طور پر ہندوستانی شائقین کے لیے آسان سفر کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ تاہم ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدہ سیاسی تعلقات کی وجہ سے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کی شرکت پر غیر یقینی صورتحال پائی جاتی ہے۔

ٹیم کو پاکستان کا سفر کرنے کے لیے بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کی جانب سے سہولت فراہم کرنے والی حکومت ہند کی منظوری ضروری ہوگی۔ گزشتہ سال پاکستان کی جانب سے ایشیا کپ کی میزبانی کے دوران ایک ہائبرڈ ماڈل اپنایا گیا تھا جس میں بھارت نے سری لنکا میں پاکستان کے خلاف میچ سمیت اپنے تمام میچز کھیلے تھے۔
وقت اشاعت : 02/05/2024 - 11:33:05

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :