پی سی بی نے مزید سٹار کرکٹرز کو پاکستان سپر لیگ میں لانے کیلئے رابطے تیز کر دیئے

اتوار 26 جون 2016 18:01

پی سی بی نے مزید سٹار کرکٹرز کو پاکستان سپر لیگ میں لانے کیلئے رابطے تیز کر دیئے

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 26جون ۔2016ء )پاکستان سپر لیگ کے پہلے ایڈیشن میں کامیابی کے بعد پی سی بی نے اب مزید سٹار کرکٹرز کو لیگ میں شامل کرنے کے لئے رابطے تیز کر دیئے ہیں،بورڈ کی فیورٹ لسٹ میں اے بی ڈویلیئرز ،مارٹن گپٹل اور ڈیوڈ وارنر جیسے سٹار کرکٹرز شامل ہیں ۔ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے جن کھلاڑیوں سے رابطے کیے ہیں ان میں سے بیشتر وہ ہیں جو پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن میں اپنی ٹیم کے ساتھ مصروف تھے ۔

پی سی بی نے اب ٹی ٹونٹی فارمیٹ کی جان اے بی ڈویلیئرز ،سابق کیوی کپتان برینڈن میکولم ، فاف ڈوپلیسی ، مچل سٹارک اور ڈیوڈ وارنر پر جما رکھی ہیں، پی سی بی ویسٹ انڈیز کو ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ جتوانے والے کارلوس براتھ ویٹ سے بھی رابطہ کر رہا ہے ۔ نئی لسٹ میں نیوزی لینڈ مارٹن گپٹل ، ویسٹ انڈیز کے سنیل نارائن ،جنوبی افریقہ کے ڈیوڈ ملر، کیرون پولارڈ ، انگلینڈ کے بین سٹوکس ، آسٹریلیا کے مچل جونسن اور مچل مارش بھی شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

پی سی بی کی جانب سے پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن میں کرس گیل ، شین واٹسن اور کیون پیٹرسن کو سب سے زیادہ 2کروڑ10 لاکھ روپے ادا کیے گئے تھے اور اب کرکٹ بورڈ کا بڑا چیلنج اتنی رقم میں اے بی ڈویلیئر ، برینڈن میکولم اور ڈیوڈ وارنر جیسے کرکٹرز کو پی ایس ایل شمولیت کیلئے راضی کرنا ہوگا ۔ دوسری جانب کئی پاکستانی کرکٹرز نے پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن میں اپنی فرنچائزز تبدیل کرنے کے بارے سوچنا شروع کر دیا ہے ۔ذرائع کے مطابق کراچی کنگز کے فاسٹ باؤلر محمد عامر ،کپتان شعیب ملک ،پشاور زلمی کے کپتان شاہد آفرید ی ،اوپنر محمد حفیظ ،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد اور اوپننگ بلے باز نے دوسری فرنچائرز سے رابطہ کرنا شروع کر دیا ہے ۔

وقت اشاعت : 26/06/2016 - 18:01:31