انتظار کی گھڑیاں ختم :پاکستانی ٹیم کل انگلش ٹیم کیخلاف ایکشن میں نظر آئے گی

اتوار 3 جولائی 2016 17:51

انتظار کی گھڑیاں ختم :پاکستانی ٹیم کل انگلش ٹیم کیخلاف ایکشن میں نظر آئے گی

ٹاوٴنٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔03 جولائی ۔2016ء) پاکستانی کرکٹ ٹیم دورئہ انگلینڈکا آغاز اتوار کو سہ روزہ میچ سے کرے گی، پلیئرز ٹاوٴنٹن میں سمرسٹ کیخلاف ایکشن میں نظر آئیں گے، کاکول اکیڈمی میں سخت ٹریننگ سے حاصل فٹنس کی جانچ ہوگی، کنڈیشننگ کیمپ میں نکھاری جانے والی صلاحیتیں پرکھنے کا بھی موقع ملے گا۔ تفصیلات کے مطابق طویل دورہ انگلینڈ کے لیے پاکستان کی تیاریوں کا سلسلہ بھی طویل تھا، کرکٹرز نے کاکول اکیڈمی میں آرمی ٹرینرز کی رہنمائی میں فٹنس میں بہتری لانے کیلئے کام کیا، بعد ازاں لاہور میں مختصر اسکلز کیمپ میں بھی شارٹ لسٹ کیے گئے کھلاڑی شریک ہوئے، قومی اسکواڈ کو قبل از وقت روانہ کرکے ہیمپشائر میں 10روزہ کنڈیشننگ کیمپ کا اہتمام کیا گیا تھا، خراب موسم کی وجہ سے آوٴٹ ڈور ٹریننگ اور کرکٹرز کا باہمی پریکٹس میچ متاثر ہوا تاہم کسی نہ کسی طور سرگرمیاں جاری رکھنے کی کوشش ہوتی رہی، کیمپ مکمل ہونے کے بعد ٹاوٴنٹن میں بھی بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی مشقوں کا سلسلہ جاری رہا۔

(جاری ہے)

ٹیسٹ سیریز کی تیاری کیلئے پہلا 3روزہ وارم اپ میچ اتوار کو شروع ہوگا، قومی کرکٹرز کو سمرسٹ کاوٴنٹی کیخلاف فٹنس کی جانچ کا موقع ملے گا، کنڈیشننگ کیمپ میں کی گئی مشقوں نے صلاحیتوں کو کس حد تک نکھارا اس کا بھی اندازہ ہوجائے گا، امکان یہی ہے کہ ٹیم مینجمنٹ کم و بیش وہی بیٹنگ آرڈر آزمائے گی جو انگلینڈ کیخلاف لارڈز میں پہلے ٹیسٹ کیلئے موزوں خیال کیا جارہا ہے۔

وقت اشاعت : 03/07/2016 - 17:51:28