اپنے قریبی دوست کی ناگہانی موت کے باعث کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا، عمر گل کا انکشاف

آج بھی اپنے دوست کو بہت یاد کرتا ہوں، اب کراچی آنے کو دل نہیں کرتا کیونکہ یہاں بہت سی یادیں ہیں، اس حادثے کے بعد میری زندگی تبدیل ہوگئی، سب کچھ دل سے اتر گیا ہے : سابق فاسٹ باولر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 1 مئی 2024 11:17

اپنے قریبی دوست کی ناگہانی موت کے باعث کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا، عمر گل کا انکشاف
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ یکم مئی 2024ء ) سابق پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر عمر گل کرکٹ سے اپنی ریٹائرمنٹ کی وجہ بتاتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے۔ آج نیوز کے مطابق سابق فاسٹ باؤلر عمر گل نے ایک انٹرویو کے دوران اپنے ایک قریبی دوست کی وفات کا ذکر کیا، اس دوران ان کی آنکھوں سے آنسو بھی چھلک پڑے۔انہوں نے بتایا کہ میرا ایک کلیم نام کا دوست تھا، یہ دوستی 2004ء میں شروع ہوئی، وہ میرا ایسا دوست تھا کہ جب میں اس کو دیکھتا تھا تو وہ سمجھ جاتا تھا میرے دل میں کیا ہے۔

عمر گل نے کہا کہ کورونا کے پہلے سال میں عید سے دو دن پہلے ایک ٹریفک حادثے میں اس کی ڈیتھ (موت) ہوگئی، میں کراچی صرف اس کیلئے آتا تھا، وہ کراچی میں نہیں تھا تو میں نے فیصلہ کیا ریٹائرمنٹ لے لوں، میں نے آج تک یہ وجہ اپنی اہلیہ کو بھی نہیں بتائی۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ میں آج بھی اپنے دوست کو بہت یاد کرتا ہوں، مجھے آپریشن کیلئے کراچی آئے ہوئے ایک ماہ ہوگیا ہے، اس دوران میں نے کسی دوست سے باہر چلنے کا نہیں کہا، میرا اب کراچی آنے کو دل نہیں کرتا کیونکہ یہاں میری بہت سی یادیں ہیں، اس حادثے کے بعد میری زندگی تبدیل ہوگئی تھی، سب کچھ میرے دل سے اتر گیا ہے۔

واضح رہے کہ 41 سالہ عمر گل نے 2003ء میں انٹرنیشنل ڈیبیو کیا اور 47 ٹیسٹ میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ تیز گیند باز نے 34.06 کی اوسط سے 163 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ون ڈے میں 29.34 کی اوسط سے 179 وکٹیں حاصل کیں۔ عمر گل نے 2003ء اور 2016ء کے درمیان 60 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز بھی کھیلے اور 16.97 کی اوسط سے 85 وکٹیں حاصل کیں۔
وقت اشاعت : 01/05/2024 - 11:17:30

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :