تمام توجہ ہاکی ورلڈ کپ کوالیفائنگ راونڈ پر مرکوز ہے، پاکستان ہاکی لیگ کے حوالے سے آئندہ ماہ بڑی خوشخبری متوقع ہے ، شہباز سینئر

عالمی سطح پر کھوے ہوئے مقام کی بحالی کیلئے کوارپوریٹ سیکٹر کو بھی اپنا کرادار ادا کرنا ہو گا، ماضی میں غلطیوں میں جانا نہیں چاہتے ، سیکرٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن کی میڈیا سے گفتگو

پیر 18 جولائی 2016 17:30

تمام توجہ ہاکی ورلڈ کپ کوالیفائنگ راونڈ پر مرکوز ہے، پاکستان ہاکی لیگ کے حوالے سے آئندہ ماہ بڑی خوشخبری متوقع ہے ، شہباز سینئر

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔18 جولائی ۔2016ء ) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری شہباز سینئر نے پاکستان میں کھیلی جانیوالی اپنی نوعیت کی پہلی ہاکی لیگ کے حوالے آئندہ ماہ بڑی خوشخبری دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ فیڈریشن نے اپنی توجہ قومی کھیل کی بحالی سمیت ہاکی ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرنے پر مرکوز کر لی ہیں ، عالمی سطح پر کھوے ہوئے مقام کی بحالی کیلئے کوارپوریٹ سیکٹر کو بھی اپنا کرادار ادا کرنا ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نصیر بندہ ہاکی گراونڈ اسلام آباد میں انڈر۔18ایشیا ہاکی کپ کی تیاریوں کیلئے جاری ٹرائلز میں شرکت کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہاکہ قومی سینئر ٹیم کا تربیتی کیمپ لاہور میں شروع ہو گیا ہے جس میں اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں کھلاڑیوں سے جو غلطیاں ہوئی اس سمیت کھلاڑیوں کی خامیوں کو دور کیا جائیگا ۔

(جاری ہے)

اولمپک گیمز اور ورلڈ کپ جیسے میگا ایونٹ میں پاکستان کے کوالیفائی نہ کرنے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں شہباز سینئر نے کہاکہ فیڈریشن ماضی کی غلطیوں میں نہیں جانا چاہتی ، ہم نے بریگیڈئر (ر) خالد سجاد کھوکھر کی قیادت میں اپنی تمام توجہ قومی کھیل کی بحالی اور ترقی پر مرکوز کی ہوئی ہے اور سینئر ٹیم کا پہلا ٹارگٹ ہاکی ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرنا ہے جس کا کوالیفائنگ راونڈ آئندہ سال کھیلا جائیگا ۔

انہوں نے کہاکہ فیڈریشن نے کھلاڑیوں کی فٹنس اور کارکردگی کو خصوصی طور پر فوکس کیا ہوا ہے اور مخدوش مالی حالات کے باوجود ہماری کوشش ہے کہ پاکستان کی جونیئر اور سینئر ٹیمیں زیادہ سے زیادہ انٹرنیشنل ایونٹس میں شرکت کریں تاکہ عالمی سطح پر پاکستان کا امیج بہتر ہو سکیں ، ملائشیا میں کھیلی جانیوالی سینئر ایشین ٹرافی کی تیاریوں کیلئے قومی سینئر ٹیم پر خصوصی توجہ بھی دی جا رہی ہے تاکہ ایونٹ میں پاکستان بہتر رزلٹ د ے ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان ہاکی فیڈریشن پہلی ہاکی لیگ کے رواں سال کے انعقاد کے حوالے سے بہت پر امید ہے اور 30جولائی تک اس میں اہم پیش رفت متوقع ہے جبکہ حکومت کو بھیجی گئی سمری کی منظوری مل گئی تو آئندہ ماہ اس حوالے سے بڑی خوشخبری دینگے ۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر قومی کھیل ہاکی کے کھوے ہوئے مقام کو بحال کرنے کیلئے کوارپوریٹ سیکٹر کو بھی اپنا کرادار ادا کرنا ہو گا کیونکہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشترکہ کوششوں سے ہی ہاکی کا کھیل نہ صرف ترقی کرئے گا بلکہ پاکستان بھی اپنے کھوے ہوئے اعزازات کی واپسی کی راہ پر چل پڑئے گا ۔

وقت اشاعت : 18/07/2016 - 17:30:56