انگلینڈ نے مانچسٹر ٹیسٹ کے پہلے روز 4 وکٹوں کے نقصان پر 314 رنز بنا لئے، ایلسٹر کک اور جو روٹ کی سنچریاں، محمد عامر اور راحت علی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں

جمعہ 22 جولائی 2016 23:05

انگلینڈ نے مانچسٹر ٹیسٹ کے پہلے روز 4 وکٹوں کے نقصان پر 314 رنز بنا لئے، ایلسٹر کک اور جو روٹ کی سنچریاں، محمد عامر اور راحت علی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں

مانچسٹر ۔ 22 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔22 جولائی ۔2016ء) پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 314 رنز بنا لئے، کپتان ایلسٹر کک 105 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ جو روٹ 141 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ محمد عامر اور راحت علی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

تفصیلات کے مطابق جمعہ کو یہاں اولڈ ٹریفورڈ، مانچسٹر میں انگلینڈ کے کپتان ایلسٹر کک نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ انگلینڈ نے ٹیم میں دو تبدیلیاں کیں، سٹیون فن اور جیک بال کو ڈراپ کر کے بین سٹوک اور جیمز اینڈرسن کو ٹیم کا حصہ بنایا جبکہ پاکستان نے وننگ کمبینیشن کو برقرار رکھتے ہوئے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔

(جاری ہے)

انگلینڈ کی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا اور اس کی پہلی وکٹ 25 کے مجموعی سکور پر گر گئی جب اوپنر ایلیکس ہیلز 10 رنز بناکر محمد عامر کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔

اس موقع پر ایلسٹر کک اور جوروٹ نے محتاط انداز سے بیٹنگ کی اور 185 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا سکور 210 تک پہنچا دیا، ایلسٹر کک 105 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد محمد عامر کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ جیمز ونس انگلینڈ کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 18 بناکر راحت علی کی گیند پر وکٹ کیپر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ جو روٹ نے ایک طرف سے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور کیریئر کی دسویں سنچری داغ دی۔

311 کے مجموعی سکور پر انگلینڈ کی چوتھی وکٹ گر گئی، گیری بیلنس 23 رنز بناکر راحت علی کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ اس کے بعد جو روٹ اور کرس ووکس نے پہلے روز کھیل کے اختتام پر مزید کوئی نقصان نہ ہونے دیا اور ٹیم کا سکور 314 تک پہنچا دیا۔ جو روٹ 141 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں جبکہ کرس ووکس دو رنز پر ان کا ساتھ دے رہے ہیں، محمد عامر اور راحت علی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

وقت اشاعت : 22/07/2016 - 23:05:37

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :