اسلام آباد کرکٹ ایسو سی ایشن کی کرکٹ کے نام پر سی ڈی اے کو بلیک میل کرنیکی کوشش ناکام

جمعرات 29 ستمبر 2016 17:17

اسلام آباد کرکٹ ایسو سی ایشن کی کرکٹ کے نام پر سی ڈی اے کو بلیک میل کرنیکی کوشش ناکام

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 ستمبر - 2016ء) )اسلام آباد کرکٹ ایسو سی ایشن "آئی سی اے "کا کرکٹ کے نام پر وفاقی ترقیاتی ادارے "سی ڈی اے "کو بلیک میل کرنے کی کوشش ناکام ،سی ڈی اے نے نیشنل کرکٹ گراونڈ کا کنٹرول واپس لینے کے عمل میں مداخلت کرنے اور گراونڈ کی سیل توڑنے پر ذمہ داران کیخلاف مقدمہ درج کرنے اسلام آباد پولیس کو درخواست دینے کا فیصلہ کر لیا ۔

تفصیلات کے مطابق سی ڈی اے نے نیشنل کرکٹ گروانڈ کا کنٹرول اسلام آباد کرکٹ ایسو سی ایشن نارتھ زون کے سیکرٹری شبیر احمد سے واپس لینے کیلئے متعدد بار نوٹسز بھجوائے تاہم ان نوٹسز کا کوئی جواب نہیں دیا گیا جس پر ایک آخری نوٹس بھجوانے کے بعد سی ڈی اے کے سپورٹس اور انفورسیمنٹ وونگ کے حکام نے گزشتہ روز نیشنل کرکٹ گراونڈ اسلام آباد کا کنٹرول واپس لینے کیلئے گراونڈ پہنچے تو گراونڈ انتظامیہ نے معاملات خوش اسلوبی سے طے کرنے کی بجائے گراونڈ کا کنٹرول واپس کرنے سے انکار کر دیا اور سی ڈی اے کی جانب سے گراونڈ کو سیل کرنے کی کوشش کو بھی ناکام بنا دیا ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق واقعہ کے بعد سی ڈی اے کا عملہ رات گئے دوبارہ گراونڈ آیا اور گراونڈ کو سیل کرکے واپس چلا گیا جس پر جمعرات کو اسلام آباد کرکٹ ایسو سی ایشن کے نمائندوں نے توڑ دیا اورسی ڈی اے کے ڈائریکٹر سیکورٹی کی قیادت میں بھاری بھر کم ٹیم حرکت میں آتے ہوئے گراونڈ کا کنٹرول واپس لینے میں کامیاب ہو گئی ۔ اس ضمن میں سی ڈی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر سپورٹس چوہدری شہزاد کا کہنا تھا کہ گراونڈ کو ایک انفرادی شخص کے کنٹرول سے خالی کرانے کیلئے کئی بار نوٹس دیے تھے اور آئی سی اے کی جانب سے گراونڈ کی سیل توڑئے جانے پر وفاقی ترقیاتی ادارے نے ذمہ داران کیخلاف کارروائی اور ایف آئی آر کے اندراج کیلئے اسلام آباد پولیس کو درخواست دینے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ سی ڈی اے اپنی رٹ کو ہر صورت قائم کرئے گا ۔

دوسری جانب اسلام آباد کرکٹ ایسو سی ایشن نارتھ زون کے سیکرٹری شبیر احمد کا موقف تھا کہ سی ڈی اے کا گراونڈ خالی کرانے کا اقدام غیر قانونی ہے ، انہیں نیشنل کرکٹ گراونڈ کا کنٹرول سی ڈی اے کو واپس کرنے کا کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا جبکہ سی ڈی اے کی جانب سے نیشنل کرکٹ گراونڈ کی الائمنٹ منسوخ کئے جانے کے حوالے سے کوئی ثبوت ہے تو وہ بھی سامنے لایا جائے ۔

وقت اشاعت : 29/09/2016 - 17:17:45

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :