سہ ملکی ون ڈے سیریز، زمبابوے ، کالی آندھی کا میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد ٹائی ہو گیا

ہفتہ 19 نومبر 2016 22:48

سہ ملکی ون ڈے سیریز، زمبابوے ، کالی آندھی کا میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد ٹائی ہو گیا

بلاوایو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2016ء) سہ ملکی ون ڈے کرکٹ سیریز میں میزبان زمبابوے اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد ٹائی ہو گیا، زمبابوین ٹیم نے مقررہ اوورز 257 رنز کا مجموعہ تشکیل دے کر کالی آندھی کو فتح کیلئے 258 رنز کا ہدف دیا، جواب میں ویسٹ انڈین ٹیم بھی مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 257 رنز بنا پائی، ڈونلڈ ٹریپانو نے آخری اوور میں 4 رنز کا دفاع کر کے ٹیم کو یقینی شکست سے بچا لیا، شائی ہوپ کی شاندار سنچری اور کریگ بریتھویٹ کی نصف سنچری بھی ٹیم کو فتح نہ دلوا سکیں، ہوپ کو عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔

ہفتہ کو بلاوایو میں کھیلے گئے سہ ملکی سیریز کے تیسرے میچ میں زمبابوین کپتان گریم کریمر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو میزبان ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 257 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، 46 رنز پر 2 وکٹیں کھونے کے بعد کریگ ایرون اور سکندر رضا نے میدان سنبھالا، دونوں بلے بازوں نے مشکل وقت میں شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسری وکٹ میں 144 رنز کی قیمتی شراکت جوڑ کر ٹیم کا سکور 190 تک پہنچا دیا، اسی دوران دونوں نے اپنی اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کیں تاہم ان دونوں کے علاوہ زمبابوے کا کوئی بھی کھلاڑی خاطرخواہ کارکردگی نہ دکھا سکا، کریگ ایرون 92 اور سکندر رضا 77 رنز بنا کر نمایاں رہے، برین چاری 15، چامو چیبھابھا 25، سین ولیمز 2، ایلٹن چیگمبرا 8، پیٹرمور 6، کپتان گریم کریمر 8، ڈونلڈٹریپانو 14 اور کرس موفو 2 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، کارلوس بریتھویٹ نے 4، شینن گبرائل اور جیسن ہولڈر نے 2، 2 اور ایشلے نرس نے ایک وکٹ حاصل کی۔

(جاری ہے)

جواب میں ویسٹ انڈین ٹیم بھی مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 257 رنز بنا سکی، کالی آندھی کو آخری اوور میں کامیابی کیلئے 4 رنز درکار تھے کہ ڈونلڈ ٹریپانو نے غیرمعمولی بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 رنز بچا کر کالی آندھی کی جیت کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، 58 رنز پر دو وکٹیں گرنے کے بعد کریگ بریتھویٹ اور شائی ہوپ نے زمبابوین بائولرز کو آڑے ہاتھوں لیا، دونوں نے ڈٹ کر حریف بائولرز کا مقابلہ کیا اور تیسری وکٹ میں 162 اہم رنز جوڑ کر ٹیم کا سکور 220 تک پہنچا کر اسے فتح کے قریب پہنچا دیا لیکن یہاں پر شائی ہوپ کے آئوٹ ہونے کے بعد زمبابوین بائولرز نے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کر کے میچ میں کم بیک کرتے ہوئے ٹیم کو یقینی شکست سے بچا لیا، ہوپ 101 رنز بنا کر نمایاں رہے، کریگ بریتھویٹ 78، جونسن چارلس 19، ایون لیوس 18، روومین پاویل 17، کارلوس بریتھویٹ 9، ایشلے نرس صفر اور جوناتھن کارٹر صفر پر آئوٹ ہوئے، کپتان جیسن ہولڈر 4 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، ڈونلڈ ٹریپانو اور سین ولیمز نے دو، دو جبکہ کرس موفو اور گریم کریمر نے ایک، ایک وکٹ لی۔

وقت اشاعت : 19/11/2016 - 22:48:25

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :