پاکستانی نژاد امریکی ریسلر مصطفیٰ علی نے اعصاب شکن مقابلے کے بعد اپنے اسرائیلی حریف نوم ڈار کو چت کردیا

مقابلہ ڈبلیو ڈبلیو ای 205 لائیو ایونٹ میں جیتا ، وہ ایونٹ میں مزید کامیابیوں کے لیے بھی پر امید ہیں

جمعرات 5 جنوری 2017 23:01

پاکستانی نژاد امریکی ریسلر مصطفیٰ علی نے اعصاب شکن مقابلے کے بعد اپنے اسرائیلی حریف نوم ڈار کو چت کردیا
شکاگو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جنوری2017ء)پاکستانی نژاد امریکی ریسلر مصطفیٰ علی نے اعصاب شکن مقابلے کے بعد اپنے اسرائیلی حریف نوم ڈار کو چت کردیا۔ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ (ڈبلیو ڈبلیو ای) کی ویب سائٹ کے مطابق پاکستانی نڑاد ریسلر مصطفیٰ علی نے یہ دنگل اپنے ہوم ٹاؤن شکاگو میں جیتا۔اسرائیلی نڑاد اسکاٹش ریسلر نوم ڈار نے ابتدائ میں مصطفیٰ علی پر حاوی ہونے کی کوشش کی تاہم علی نے اپنی پھرتی اور طاقت کو بھرپور طریقے سے بروئے کار لاتے ہوئے نوم ڈار کو چاروں خانے چت کردیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ مقابلہ ڈبلیو ڈبلیو ای 205 لائیو ایونٹ میں جیتا اور وہ ایونٹ میں مزید کامیابیوں کے لیے بھی پر امید ہیں۔واضح رہے کہ مصطفیٰ علی پہلے پاکستانی ہیں جو ڈبلیو ڈبلیو ای میں شرکت کررہے ہیں، گزشتہ برس 22 جولائی کو مصطفیٰ نے اپنا پہلا مقابلہ لڑا تھا تاہم وہ اس میں ناکام ہوگئے تھے۔مصطفیٰ علی کا مقابلہ پیورٹو ریکو کے لینسی ڈو راڈو سے تھا ، یہ دونوں ریسلرز کا ڈبلیو ڈبلیو ای میں پہلا مقابلہ تھا جس میں دونوں نے زبردست فائٹ کی تاہم آخر میں ڈو راڈو نے بازی مار لی۔یہ 32 افراد کا ٹورنامنٹ تھا جس میں دنیا بھر کے ریسلرز کو شریک کیا گیا تھا جن میں سے ایک مصطفیٰ علی بھی تھے۔
وقت اشاعت : 05/01/2017 - 23:01:51