پانچواں ون ڈے ، آسٹریلیا نے پاکستان کو جیت کیلئے 370رنز کا ہدف دیدیا

جمعرات 26 جنوری 2017 12:22

پانچواں ون ڈے ، آسٹریلیا نے پاکستان کو جیت کیلئے 370رنز کا ہدف دیدیا

ایڈیلیڈ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار26جنوری۔2017ء ) پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو جیت کے لیے 370رنز کا ہدف دے دیا ہے ۔ایڈیلیڈ اوول میں کھیلے جا رہے میچ میں آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وانر اور ٹریوس ہیڈ نے اننگز کا آغاز کیا ، محمد عامر کے پہلے اوور کی پہلی ہی گیند پر کپتان اظہر علی نے ایک مشکل کیچ پکڑنے کی کوشش کی تاہم وہ ناکام رہے ۔

ڈیوڈ وارنر کو نئے اوپنر ٹریوس ہیڈ کا ساتھ بھی خوب راس آیا اور دونوں کھلاڑیوں نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام پاکستانی باؤلرز کی خوب خبر لی جبکہ اس دوران ڈراپ کیچز کی بدولت پاکستان نے آسٹریلین بلے بازوں کا ساتھ نبھانے کا سلسلہ برقرار رکھا،وارنر جب 132رنز پر پہنچے تو محمد عامر نے ان کا آسان کیچ ڈراپ کردیا ،کینگرو اوپنرز کی 284رنز کی شراکت داری کا خاتمہ جنید خان نے کیا جنہوں نے وارنر کو179کے انفرادی سکور پر بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ آؤ ٹ کروایا ،کپتان سٹیو سمتھ 4رنز بنا کر اسی اوور میں جنید کا دوسرا بنے ،میکسویل 7گیندوں پر 13رنز بنا کرمحمد عامر کی گیند پر محمد حفیظ کے ہاتھوں جکڑے گئے ،میتھیو ویڈ بھی 8رنز سکور کرکے حسن علی کا شکار بن گئے ،ٹریوس ہیڈ بھی 128رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ، پیٹر ہینڈ سکومب بھی 1رن بنا کر وہاب ریاض کا پہلا شکار بن گئے،مچل سٹارک 6رنز بنا کر آخری اوور میں رن آؤ ٹ ہوئے ۔

(جاری ہے)

پاکستان کے لیے جنید خان اور حسن علی نے 2،2جبکہ وہاب ریاض اور عامر نے ایک ، ایک شکار کیا ۔قبل ازیں آسٹریلین قائد سٹیو سمتھ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ، ان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں عثمان خواجہ کی جگہ جیمز فالکنر کو موقع دیا گیا ہے ،گرین شرٹس نے انگلی زخمی ہونے کے باعث باہر ہونے والے عماد وسیم کی جگہ وہاب ریاض کو ٹیم میں شامل کیا ہے ،واضح رہے کہ پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں کینگروز کو شاہینوں پر 1-3 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے ،پاکستان آخری میچ جیت کر رینکنگ میں بنگلہ دیش کے ساتھ 7ویں پوزیشن شیئر کرسکتا ہے تاہم شکست کی صورت میں 9ویں پوزیشن پر موجود ویسٹ انڈیز سے اسکا صرف 3 پوائنٹس کا فرق باقی رہ جائے گا۔

وقت اشاعت : 26/01/2017 - 12:22:28