روس ٹیلر بھی عظیم کھلاڑیوں کے طور پر جانے جائیں گے، مائیک ہیسن

جمعہ 24 فروری 2017 15:26

روس ٹیلر بھی عظیم کھلاڑیوں کے طور پر جانے جائیں گے، مائیک ہیسن
ویلنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 فروری2017ء) نیوزی لینڈ ٹیم کے کوچ مائیک ہیسن نے کہا ہے کہ روز ٹیلر اپنے ریکارڈز کی وجہ سے عظیم کھلاڑیوں کے طور پر جانے جائیں گے۔ ٹیلر نے جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ون ڈے میں شاندار سنچری بنا کر ملک کی طرف سے زیادہ سنچریوں کا ریکارڈ اپنے نام کیا تھا، اس کے علاوہ وہ تمام ٹیسٹ ٹیموں کے خلاف سنچری بنانے والے نیوزی لینڈ کے پہلے اور دنیا کے چھٹے بلے باز بھی بن گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ٹیلر نے ون ڈے میں 17 اور ٹیسٹ میں 16 سنچریاں بنا رکھی ہیں، انہوں نے دونوں فارمیٹس میں 6 ہزار سے زائد رنز بنا رکھے ہیں۔ کیوی ٹیم کے کوچ نے اپنے بیان میں کہا کہ میرے نزدیک ٹیلر ہمیشہ سے ہی ون ڈے کے بہترین کھلاڑی رہے ہیں اور یہی وجہ ہے وہ ٹیم کے اہم رکن کی حیثیت رکھتے ہیں اور مستقبل میں بھی وہ ہمارے ون ڈے پلان کا حصہ رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیلر اپنے ریکارڈز کی وجہ سے عظیم کھلاڑیوں کے طور پر جانے جائیں گے اور ہم سب کو بھی ان کے کارنامے پر فخر ہے۔ ٹیلر کا پروٹیز کے خلاف ٹیسٹ ریکارڈ مایوس کن ہے، میں چاہتا ہوں کہ وہ آئندہ ماہ شیڈول ہوم ٹیسٹ سیریز میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر کے اپنا ریکارڈ بہتر بنائیں۔
وقت اشاعت : 24/02/2017 - 15:26:55