موجودہ حالات میں غیرملکی ٹیموں کا ویسٹ ایشیاء بیس بال کپ میںشر کت کرنا بڑے فخر کی بات ہے جان شیر خان

اتوار 26 فروری 2017 09:01

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 فروری2017ء) سابق عالمی چیمپئن( سکواش) جان شیر خا ن نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں غیرملکی ٹیموں کا ویسٹ ایشیاء بیس بال کپ میںشر کت کرنا بڑے فخر کی بات ہے، گذشتہ روز اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور اس ملک کی عوام غیر ملکی کھلاڑیوں سے بے پناہ پیار اور محبت کرنے والی قوم ہے، انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں غیرملکی ٹیموں کا ویسٹ ایشیاء بیس بال کپ میں پاکستان آکر کھیلنا بڑے اعزاز کی بات ہے ،ٹورنامنٹ میں پانچ ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں جن میزبان پاکستان کے علاوہ ایران، عراق، سری لنکا اور نیپال شامل ہیں، جان شیر خان نے کہا کہ ان ٹیموں کو پاکستان لانے میں پاکستان بیس بال فیڈریشن کے صدر سید خاور شاہ اور ان کی ٹیم نے بڑا اہم کردار ادا کیا ہے،اوران غیر ملکی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنا حکومت کا فرض ہے،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کھلاڑی کسی بھی ملک کے سفیر کا درجہ رکھتے ہیں اور یہ لوگ امن پسند ہوتے ہیں اور دنیا کے کھیل کے میدانوں کوآباد رکھتے ہیں اور میرے نزدیک بھارتی کھلاڑیوں کو بھی ویزے جاری کرنے چاہئے تھے تاکہ وہ بھی ٹورنامنٹ میں شرکت کرتے،پی ایس ایل کرکٹ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو پی ایس ایل کا فائنل میچ5 فروری کو لاہور میں ہی کروانا چاہئے جس کے لئے حکومت کو سیکورٹی کے سخت انتظامات کرنے چاہئے،ایک اورسوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بیس بال، سنوکر، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس اور سکواش کے انٹرنیشنل ٹورنامنٹ میں غیر ملکی کھلاڑی پاکستان میں آکر ایونٹ میں شرکت کر رہے ہیں اور دوسری سپورٹس فیڈریشنز کو بھی چاہئے کہ وہ بھی انٹرنیشنل کھلاڑیوں کو پاکستان لائیں،انہوںنے کہا کہ پاکستان میں سکواش کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے بلکہ کھلاڑی کی حوصلہ افزائی کرنے کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ گذشتہ برس سکواش کے چار انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کا بھی کامیابی کے ساتھ انعقاد ہو اور غیر ملکی کھلاڑیوں نے بھر پور طریقے سے شرکت کی اور امید ہے کہ اس سال بھی انٹرنیشنل ٹورنامنٹس میں غیرملکی کھلاڑی بھر پور شرکت کریں گے اور ہمارے پاکستانی کھلاڑی فرحان محبوب نے دو انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کا کامیابی حاصل کی، حکومت کو چاہئے کہ فرحان محبوب کی حوصلہ افزائی کرے۔

وقت اشاعت : 26/02/2017 - 09:01:24