شرجیل اور خالد لطیف چھوٹ گئے تو بدقسمتی ہوگی: نجم سیٹھی

ہفتہ 25 مارچ 2017 13:47

شرجیل اور خالد لطیف چھوٹ گئے تو بدقسمتی ہوگی: نجم سیٹھی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار25مارچ ۔2017ئ)پاکستان کرکٹ بورڈکی ایگزیکٹیو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن سے ایک دو روز قبل ہمیں ”گڑبڑ“ کی رپورٹ مل گئی تھی جس کے بعد ہمارے لوگ بھی بہت زیادہ محتاط ہوگئے تھے۔ایک انٹرویو میں نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ وقت آنے پر پی ایس ایل فکسنگ کے ثبوت سب کے سامنے لائیں گے،اس معاملے پر ہمارا میڈیا ٹرائل نہیں ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فکسنگ معاملات میں آئی سی سی بھرپور تعاون کررہا ہے، محمد عرفان نے ہمارے ساتھ سب سے زیادہ تعاون کیا،خالد اور شرجیل کے خلاف کچھ ثابت نہ کرسکے تو ہماری بدقسمتی ہوگی ، مجھ پر ہمیشہ مختلف الزامات لگتے رہے ہیں لیکن ہم نے دنیا کو پی ایس ایل اور پھر اس کا فائنل لاہور میں کرواکے دکھایا۔ نجم سیٹھی نے مزید کہا کہ فکسنگ پر میں اور شہریار خان ایک ہی صفحے پر ہیں، تمام شواہد اکٹھا کرنے کے بعدہی کھلاڑیوں کے خلاف ایکشن لیا،ایف آئی اے سے تحقیقات کرنے کا ہم نے نہیں کہا، ہم نے صرف ان سے ٹیلیفونک ڈیٹا کے لیے مدد مانگی تھی۔ چیئر مین پی ایس ایل کا مزید کہنا تھا کہ پی سی بی کسی کھلاڑی کو جیل کی سزا نہیں دے سکتا ہے۔

وقت اشاعت : 25/03/2017 - 13:47:36