پہلا ٹی ٹونٹی،ویسٹ انڈیز کا پاکستان کو جیت کے لیے 112رنز کا ہدف

اتوار 26 مارچ 2017 23:08

پہلا ٹی ٹونٹی،ویسٹ انڈیز کا پاکستان کو جیت کے لیے 112رنز کا ہدف
باربڈوس (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار26مارچ ۔2017ئ)ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے پاکستان کو پہلے ٹی ٹونٹی میں جیت کے لیے 112رنز کا ہدف دیدیا ہے ۔برج ٹاﺅن میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے پہلے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا،پاکستان کو ابتدا میں اسی وقت کامیابی مل گئی جب احمد شہزاد کی براہ راست تھرو پر ایون لوئس کی اننگز کا خاتمہ ہوا،مارلن سیمیولز اور چیڈوک والٹن نے چھ اوورز کے اختتام تک کوئی وکٹ نہ گرنے دی لیکن ساتویں اوور میں عماد وسیم کی گیند پر وکٹوں کے سامنے پیڈ لانے کی پاداش میں سیمیولز آﺅٹ قرار پائے،پہلا انٹرنیشنل میچ کھیلنے والے شاداب خان نے اپنی دوسری ہی گیند پر 18 رنز بنانے والے والٹن اور پھر ایک گیند بعد لینڈل سمنز کو پویلین لوٹا کر عالمی کرکٹ میں آمد کا جشن منایا،شاداب نے اگلے اوور کی بھی دوسری ہی گیند پر سنیل نارائن کو آﺅٹ کیا جبکہ حسن علی نے اگلے اوور میں روومین پاول کو آﺅٹ کر کے میزبان ٹیم کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا،اس موقع پر ویسٹ انڈین ٹیم کی تمام تر امیدیں کیرون پولارڈ سے وابستہ تھیں لیکن وہ 27 گیندوں پر 14 رنز بنانے کے بعد وہاب ریاض کی وکٹ بنے،کپتان کارلوس بریتھ ویٹ نے اختتامی اوورز میں چند ہاتھ دکھائے لیکن وہ بھی ابتدائی بلے بازوں کی ناکامی کا ازالہ نہ کر سکے،جب اننگز کی آخری گیند پر جیسن ہولڈر آﺅٹ ہوئے تو ویسٹ انڈیز نے آٹھ وکٹ کے نقصان پر 11 1رنز بنائے تھے۔

(جاری ہے)

پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے شاداب خان نے عمدہ باﺅلنگ کرتے ہوئے سات رنز کے عوض تین وکٹیں لیں جبکہ وہاب ریاض، عماد وسیم، سہیل تنویر اور حسن علی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔اس سے قبل پاکستانی کپتان سرفرازاحمد نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ، پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) میں شاندار کارکردگی دکھانےوالے سپنر شاداب خان کو پہلی مرتبہ شامل کیا گیا ہے جبکہ احمد شہزاد کی بھی قومی ٹیم میں تقریباً ایک سال اور کامران اکمل کی تین سال بعد قومی ٹیم میں واپسی ہوئی ۔ دوسری جانب ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں نئے کھلاڑی رومان پاول کو شامل کیا گیا ہے جبکہ جیروم ٹیلر کو حتمی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔


وقت اشاعت : 26/03/2017 - 23:08:00