آسٹریلیا کو آ خر ی ٹیسٹ میں شکست ، بھا رت نے سیریز جیت لی

89رنز کا ہدف راہول کے 51،اور رایہانے کے 38رنز کی بدولت باآسانی حاصل کرلیا

منگل 28 مارچ 2017 13:19

دھرم شالا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مارچ2017ء)بھارت نے کپتان ویرات کوہلی کی عدم موجودگی میں آسٹریلیا کو آخری ٹیسٹ میں 8 وکٹوں سے شکست دے کر 4 میچوں کی سیریز 2-1 سے جیت لی۔دھرم شالا میں کھیلے گئے سیریز کے آخری ٹیسٹ کے چوتھے روز بھارت کو جیت کے لیے 89 رنز درکار تھے اور ان کی تمام وکٹیں باقی تھیں۔لوکیش راہول اور مرلی وجے نے مجموعے کو 46 رنز پر پہنچایا تھا تو پیٹ کمنز نے 8 رنز بنانے والے مرلی وجے کو آؤٹ کردیا جس کے فوری بعد گلین میکسویل نے سیریز میں شاندار بلیبازی کا مظاہرہ کرنے والے چتیشورپجارا کو صفر پر رن آؤٹ کرکے دوسری کامیابی دلادی۔

چتیشور پجارا اپنے ہوم گراؤنڈ میں پہلی مرتبہ کسی ٹیسٹ میچ میں صفر پر آؤٹ ہوئے اس سے قبل وہ دو مرتبہ بیرونی دورے میں صفر پر آؤٹ ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

لوکیش راہول نے پراعتماد بلے بازی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اس میچ کے کپتان اجانکیا راہانے کے ساتھ مل کر ٹیم کو مزید کسی نقصان کے 106 رنز تک پہنچادیا اور باآسانی کھانے کے وقفے سے قبل ہی ٹیم کو میچ کے ساتھ ساتھ سیریز میں بھی فتح دلادی۔

راہول 51 اور راہانے 38 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔آسٹریلیا نے کپتان اسمتھ کی سنچری کی مدد سے پہلی اننگز میں 300 رنزبنائے تھے جس کے جواب میں بھارت نے پہلی اننگز میں 332 رنز بنا کر 32 رنز کی برتری حاصل کی تھی جبکہ دوسری اننگز میں انڈین باؤلرز نے بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے مہمان بلیبازوں کو 137 رنز پر آؤٹ کرکے آسان ہدف تک محدود رکھا تھا۔

خیال رہے کہ بھارت کے کپتان ویرات کوہلی انجری کے باعث سیریز کے آخری اور فیصلہ کن میچ سے باہر ہوگئے تھے تاہم اجانکیا راہانے کی قیادت میں ٹیم نے فتح حاصل کی جو راہانے کی بطور کپتان پہلی کامیابی ہے۔بھارت نے میچ میں 8 وکٹوں سے کامیابی کے ساتھ سیریز بھی 2-1 سے اپنے نام کی۔آسٹریلیا نے 4 میچوں کی ٹیسٹ سیریز کا آغاز تاریخی فتح سے کیا تھا تاہم دوسرے میچ میں انھیں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ تیسرا میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوا تھا۔
وقت اشاعت : 28/03/2017 - 13:19:11