پاکستان کے آمدہ انتخابات میں مذہبی جماعتوں کا ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا نہ ہونے باعث تشویش ہے‘ مذہبی جماعتوں کی اہمیت اور کامیابی مشترکہ جدو جہد سے ہی ممکن ہے‘مذہبی جماعتوں کو انتخابات میں اپنے مفادات کو پس پشت ڈال کر اسلام کی سر بلندی اور ملک روشن مستقبل کیلئے اکٹھی ہوں‘پاکستان کے دشمن ممالک ،وطن عزیز میں اسلام کو پھلتا پھولتا نہیں دیکھ سکتے، مرکزی جمعیت اہل حدیث کے سربرا ہ پروفیسر شہاب الدین مدنی کی جامعہ محمدیہ میں علماء کرام کے وفود سے گفتگو

پیر 6 مئی 2013 15:33

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔آئی این پی۔ 6مئی 2013ء) مرکزی جمعیت اہل حدیث کے سربرا ہ پروفیسر شہاب الدین مدنی نے کہا ہے کہ پاکستان کے آمدہ انتخابات میں مذہبی جماعتوں کا ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا نہ ہونے باعث تشویش ہے۔ مذہبی جماعتوں کی اہمیت اور کامیابی مشترکہ جدو جہد سے ہی ممکن ہے‘مذہبی جماعتوں کو پاکستان میں انتخابات کے موقع پر اپنے مفادات کو پس پشت ڈال کر اسلام کی سر بلندی اور پاکستان کے روشن مستقبل کی خاطر اکٹھا ہونا چاہیے تھا‘پاکستان کے دشمن ممالک ،وطن عزیز میں اسلام کو پھلتا پھولتا نہیں دیکھ سکتے،اگر مذہبی جماعتیں متحد نہ ہوئیں تو دشمن اپنی سازشوں میں کامیاب ہوجائے گا۔

پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں نے انتخابات میں مسئلہ کشمیر کو پس پشت ڈال دیا ہے۔

(جاری ہے)

ہندوستان نے ثناء اللہ کو نہیں بلکہ پوری پاکستانی و کشمیری قوم پر ضرب لگائی ہے۔ امن کی آشا کا خواب مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر کبھی پورا نہیں ہو سکتا ۔ وہ پیر کو مرکزی جمعیت اہل حدیث کے مرکزی سیکرٹریٹ جامعہ محمدیہ میں علماء کرام کے وفود سے گفتگو کررہے تھے۔

مرکزی جمعیت اہل حدیث کے امیر پروفیسر شہاب الدین مدنی نے کہا کہ پاکستا ن کے مسائل کا حل صرف شفا ف انتخابات ہی نہیں بلکہ وطن عزیز میں اسلامی تعلیمات کا نفاذ ہے۔پاکستان کے 90%سے زائد عوام ملک میں اسلامی تعلیما ت کی بالادستی چاہتی ہیں۔المیہ یہ ہے کہ ملک کو 10%کے رہنے والوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دو فیصد خاندان پورے ملک کی 40%سے زائد زمینوں کے مالک ہیں،ایسے میں غریب آدمی دو وقت کی روٹی کی خاطر اپنے آپ کو ان خاندانوں کے پاس گروی رکھنے پر مجبور ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے انتخابات میں مسئلہ کشمیر کو تمام سیاسی جماعتوں نے نظر انداز کر دیا ہے،مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر امن کی آشا کا راگ الاپنے والے کامیاب نہیں ہو سکتے۔پروفیسر شہا ب نے کہا کہ جموں جیل میں قید ثناء اللہ پر حملہ دہشت گردی کی بدترین مثال ہے۔ ہندوستان و امریکہ دہشت گردی میں اپنا کوئی ثانی نہیں رکھتے۔ کشمیری ہندوستانی ظلم و بربریت کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوں گے۔

دریں اثناء مرکزی جمعیت اہل حدیث کے امیر پروفیسر شہاب الدین مدنی نے اپر چھتر میں نجی ادارے کے زیر اہتمام قائم کردہ کمپیوٹر سنٹر کا افتتا ح کیا۔ اس موقع پر مرکزی جمعیت اہل حدیث کے امیرپروفیسر شہاب الدین مدنی نے کہا کہ نوجوانو ن جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کر کے اپنا لوہا منوائیں۔ تعلیم مسلمانوں کی میراث ہے ۔ تعلیم اور ہنر کے سیکھنے سے نوجوان نا صرف بے روزگاری سے بچ پائیں گے بلکہ دشمن کی چالوں کو سمجھنے اور جوابی وار کرنے کی صلاحیت اور اس کے ساتھ ایک بہترین معاشرے کی بنیاد بھی فراہم کریں گے۔

متعلقہ عنوان :

میں شائع ہونے والی مزید خبریں