کوہاٹ ،ضلعی عدالتوں کی سیکیورٹی مزید سخت ،چیکنگ کا عمل تیز کردیا گیا

ہفتہ 14 جنوری 2017 14:45

کوہاٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جنوری2017ء)کوہاٹ کے ضلعی عدالتوں کی سیکیورٹی مزید سخت کرتے ہوئے چیکنگ کا عمل تیز کردیا گیا ہے جبکہ جوڈیشل لاک اپ میں قیدیوں کی ملاقات پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ضلعی پولیس سربراہ جاوید اقبال نے گزشتہ روز کوہاٹ کچہری کے احاطے میں سیکیورٹی اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے ضلعی عدالتوں کے مختلف مقامات کا دورہ کیا اور کچہری کی سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں کو حفاظتی انتظامات یقینی بنانے کے حوالے سے اہم احکامات جاری کردئیے۔

اس موقع پر ڈی پی او کوہاٹ نے جوڈیشل حوالات کی سیکیورٹی انتظامات کاتفصیلی جائزہ لیا اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کے پیش نظر جیل سے عدالتوں میں پیشی کیلئے آنے والے جوڈیشل لاک اپ میں بند قیدیوں کی ملاقات پر پابندی عائد کردی ہے۔

(جاری ہے)

ڈی پی او نے ضلعی عدالتوں میں نصب سیکیورٹی کیمروں کی مانیٹرنگ روم کا بھی معائنہ کیا اور کچہری میں آنے جانے والے افراد کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھنے کے ساتھ ساتھ کسی بھی مشکوک شخص سے متعلق پولیس کو فوری مطلع کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔

علاوہ ازیں کچہری کے داخلی راستے پر سیکیورٹی بیریئر اور واک تھرو گیٹ نصب کرتے ہوئے پولیس کی نفری میں اضافہ کردیا گیا ہے جبکہ خواتین کی چیکنگ یقینی بنانے کی غرض سے لیڈی پولیس اہلکاروں کی خدمات بھی حاصل کرلی گئی ہیں۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں