حماس کی جمہوریت پسندی باعث فخر ہے، اسماعیل ھنیہ ،یحییٰ السنوار

دونوں رہنماؤں کا جماعت میں اخوت ،بھائی چارے کے ماحول کو عام کرنے ،انتخابی قواعد کی پاسداری کیساتھ جمہوری اور شورائی طریقہ کار کو اپنانے پراتفاق

منگل 21 فروری 2017 14:08

حماس کی جمہوریت پسندی باعث فخر ہے، اسماعیل ھنیہ ،یحییٰ السنوار
غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 فروری2017ء) حماس کے سیاسی شعبے کے نائب صدر اسماعیل ھنیہ اور غزہ کی پٹی میں حماس کے نو منتخب صدر یحییٰ السنوار نے غزہ میں پارٹی انتخابات کی کامیابی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حماس جمہوریت پسند جماعت ہے اور اس کی جمہوریت پسندی ہم سب کیلئے باعث فخر ہے۔غزہ کی پٹی میں نئی قیادت کے انتخاب کے بعد ذمہ داریوں کی منتقلی کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے اسماعیل ھنیہ اور یحییٰ السنوار نے کہا کہ حماس شورائیت اور جمہوریت پر یقین رکھنے والی جماعت ہے۔

حماس کی مرکزی قیادت سے لے کراس کے تمام ذیلی اداروں اور تنظیموں میں جمہوری روایات اور شورائیت کے مطابق فیصلے کیے جاتے ہیں۔دونوں رہنماؤں نے غزہ کی پٹی کیلئے حماس کی نئی قیادت کے چناؤ کے بعد انہیں ذمہ داریاں سونپے جانے سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر حماس کے سیاسی شعبے کے رکن روحی مشتہی اور دیگر رہ نما بھی موجود تھے۔

اسماعیل ھنیہ کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسماعیل ھنیہ اور یحییٰ السنوار نے جماعتی ذمہ داریاں غزہ کی پٹی میں نو منتخب قیادت کو سونپنے کے طریقہ کارپر تبادلہ خیال کیا ،دونوں رہنماؤں نے جماعت میں اخوت اور بھائی چارے کے ماحول کو عام کرنے اور انتخابی قواعد کی پاسداری کے ساتھ ساتھ جمہوری اور شورائی طریقہ کار کو اپنانے سے اتفاق کیا۔

اسماعیل ھنیہ اور السنوار نے کہا کہ غزہ کی پٹی میں جماعت کے اندرونی انتخابات مکمل شفاف انداز میں پایہ تکمیل کو پہنچ گئے ہیں۔ ان انتخابات نے ایک بار پھر سے ثابت کیا ہے کہ حماس اپنے بنیادی اصولوں، جمہوری روایات اور قومی مطالبات پر مکمل طور پر کار بند ہے۔حماس رہنماؤں نے کہا کہ جماعتی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہونیوالے کارکنان اور رہ نماؤں کو یہ بات ذہن نشین کرائی گئی ہے کہ ان کے کردار اور خدمات، تجربے اور مہارت ہمہ وقت فائدہ اٹھایا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :

میں شائع ہونے والی مزید خبریں