آئی پی ایل لیگ میں یوراج لگاتار دوسرے سال سب سے مہنگے کھلاڑی بن گئے

پیر 16 فروری 2015 14:19

آئی پی ایل لیگ میں یوراج لگاتار دوسرے سال سب سے مہنگے کھلاڑی بن گئے

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16فروی 2015ء) آئی پی ایل لیگ میں یوراج لگاتار دوسرے سال سب سے مہنگے کھلاڑی بن گئے ،انڈین پریمیئر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن کی نیلامی میں دہلی ڈیئر ڈیولز نے بھارتی آل راوٴنڈر یوراج سنگھ کی خدمات 16 کروڑ روپے کے عوض حاصل کر لیں،یوراج لگاتار دوسرے سال سب سے مہنگے کھلاڑی ثابت ہوئے ہیں۔ 2014 میں انھیں رائل چیلنجرز بنگلور نے ان کے لیے 14 کروڑ روپے ادا کیے تھے،انڈین پریمیئر لیگ کے 2015 سیزن کے لیے کھلاڑیوں کی نیلامی پیر کو بنگلور میں ہوئی ہے اور اس میں 344 کھلاڑیوں کی قسمت کا فیصلہ ہو رہا ہے۔

نیلامی کے پہلے مرحلے میں دہلی ڈیئر ڈیولز نے یوراج کے علاوہ سری لنکا کے اینجلو میتھیوز کو ساڑھے سات کروڑ اور امیت مشرا کو ساڑھے تین کروڑ روپے میں خریدا ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ گذشتہ برس ساڑھے 12 کروڑ میں دہلی کی ٹیم کا حصہ بننے والے دنیش کارتک کے لیے اس بار بنگلور کی رائل چیلنجرز ٹیم نے ساڑھے دس کروڑ روپے کی کامیاب بولی لگائی۔انگلش بلے بازوں کیون پیٹرسن اور اوئن مورگن کی خدمات حیدرآباد سن رائزرز نے بالترتیب دو اور ڈیڑھ کروڑ روپے میں حاصل کیں۔

سن رائزرز نے ہی نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن کو 60 لاکھ روپے میں خریدا ہے جارحانہ بلے بازی کے لیے مشہور آسٹریلیا کے اوپنر ایرون فنچ کے لیے ممبئی انڈینز نے تین کروڑ 20 لاکھ روپے کا کامیاب بولی لگائی ہے۔نیلامی کے پہلے مرحلے میں جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ کے علاوہ تجربہ کار سری لنکن بلے باز مہیلا جیاودھنے اور کماراسنگاکارا کی خدمات فروخت نہیں ہو پائی ہیں۔

اس سال آئی پی ایل ٹورنامنٹ 8 اپریل سے شروع ہو رہا ہے۔نیلامی سے پہلے ہی فرینچائز ٹیموں نے گذشتہ برس کی ٹیموں میں پہلے سے موجود 122 کھلاڑیوں کو رواں برس کے لیے بھی برقرار رکھا تھا۔ان 122 میں 78 بھارتی اور 44 غیر ملکی کھلاڑی شامل ہیں۔اس سال ہر فرینچائز کو نیلامی کے دوران 63 کروڑ روپے خرچ کرنے کی اجازت ہے جوگذشتہ سال سے پانچ فیصد زیادہ رقم ہے۔

وقت اشاعت : 16/02/2015 - 14:19:15

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :