فنڈزروکنے پرسری لنکن بورڈ آئی سی سی پرسخت برہم

منگل 21 اپریل 2015 17:15

فنڈزروکنے پرسری لنکن بورڈ آئی سی سی پرسخت برہم

کو لمبو (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21اپریل۔2015ء) فنڈز روکنے پر سری لنکا نے آئی سی سی پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔عالمی گورننگ باڈی پر آئی لینڈ میں کرکٹ کو تباہ کرنے کا الزام عائد کردیا۔ عبوری کمیٹی نے کونسل سے فوری طور پر واجب الادا رقم جاری کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے سری لنکا بورڈ میں حکومت کی جانب سے عبوری سیٹ اپ لانے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے فنڈز روکنے کا اعلان کیا تھا۔

آئی سی سی اوربورڈ دونوں کی جانب سے رقم کی مالیت نہیں بتائی گئی تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ ایک کروڑ بیس لاکھ ڈالر ہے۔ جس میں ورلڈ کپ شرکت فیس بھی شامل ہے۔ آئی سی سی کے اس فیصلے کا سری لنکا کرکٹ کی نئی انتظامیہ نے نہ صرف سخت نوٹس لیا بلکہ اس پر اپنے ملک میں کھیل کو تباہ کرنے کا الزام بھی عائد کردیا ہے۔

(جاری ہے)

عبوری انتظامیہ کی جانب سے آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو ڈیو رچرڈسن کو بھیجے گئے خط میں لکھا گیا ہے کہ ہمیں کونسل کی جانب سے اپنے فنڈز روکے جانے پر شدید حیرت ہوئی ہے، یہ رقم جلد از جلا جاری کی جائے۔

ہم یہاں یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ ایس ایل سی میں نئی انتظامیہ کے آنے سے پہلے ہی یہ فنڈز آئی سی سی پر واجب الادا ہیں، چاہے ہماری کرکٹ کی کوئی بھی انتظامیہ ہو کونسل کو یہ رقم ہر حال میں ادا کرنا ہی ہے۔سری لنکن بورڈ کا کہنا ہے کہ ا ئی سی سی کے ان اقدامات سے سری لنکا میں کرکٹ تباہ ہوجائے گی، اس کو جو بھی دستاویزات چاہئیں وہ جلد حاصل کرکے فوری طور پر ہمارے فنڈز جاری کرے۔

آئی سی سی کو اپنے آئین کے تحت کسی بھی ممبر بورڈ کو سیاسی مداخلت کی صورت میں معطل کرنے کا اختیار حاصل ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر کونسل کی جانب سے فوری طور پر فنڈز جاری نہیں ہوئے تو سری لنکا کرکٹ میں مالی بحران پیدا ہوسکتا ہے۔ بورڈ کا کہنا ہے کہ اس سے کھلاڑیوں اور دیگر عملے کو تنخواہیں ادا کرنا بھی مشکل ہوجائے گا۔

وقت اشاعت : 21/04/2015 - 17:15:58

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :