آئی پی ایل سیزن آٹھ کاٹائٹل ممبئی انڈینز کے نام

پیر 25 مئی 2015 12:44

آئی پی ایل سیزن آٹھ کاٹائٹل ممبئی انڈینز کے نام

کلکتہ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار25مئی۔2015ء) آئی پی ایل سیزن آٹھ کا ٹائٹل ممبئی انڈینز نے اپنے نام کر لیا ، ایڈن گارڈنز میں ٹورنامنٹ کے فائنل میں چنائی سپر کنگز کو 41 رنز سے مات ملی ۔ حتمی مقابلے کا ٹاس دھونی الیون نے جیتا اور ممبئی انڈینز کو ابتدائی بیٹنگ کی دعوت دی ۔ فاتح ٹیم نے مقررہ اوورزمیں پانچ وکٹوں پر 202رنز کا مجموعہ سکور بورڈ پر ترتیب دیا۔

لینڈل سمنز 68رنز بنا کر قابل ذکر بیٹسمین رہے ۔ ان کی دھواں دھار اننگز میں آٹھ چوکے اور تین چھکے بھی شامل ہیں۔ کپتان روہت شرما 50رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے ۔ کیرون پولارڈ کو 36رنز پر میدان بدر ہونا پڑا ۔ پارتھیو پٹیل 0 پر آؤٹ ہوئے ۔ ڈوین براوو نے 36رنز دے کر دو مہرے کھسکائے جبکہ موہت شرما اور ڈوین سمتھ کے ہاتھ ایک ، ایک وکٹ لگی ۔

(جاری ہے)

جواب میں چنائی سپر کنگز کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل نہ کر سکی اور مقررہ اوورز میں آٹھ وکٹوں پر 161رنز حاصل کئے جا سکے ۔ ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے تجربہ کار اوپننگ بیٹسمین ڈوین سمتھ نے 57رنز کی اننگز تخلیق کی مگر وہ اپنی ٹیم کو ٹرافی کا حقدار نہ بنا سکے ۔ چنائی سپرکنگز کی ناکامی کی ایک وجہ پانچ کھلاڑیوں کا ڈبل فیگرز میں داخل نہ ہونا بھی تھی۔ سریش رائنا 28رنز بنا کر دوسرے نمایاں بیٹسمین رہے ۔ موہت شرما نے ناقابل شکست 21اور کپتان مہندر سنگھ دھونی نے 18رنز کا اضافہ کیا ۔ رویندر جڈیجا 11رنز بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے ۔ ڈوین براوو 9 ، مائیکل ہسی 4 ، پوون نیگی 3 اور فاف ڈوپلیسز 1 رن بنا کر میدان سے چل دیئے ۔ مچل میک کلینیگھن نے 25رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں ۔

وقت اشاعت : 25/05/2015 - 12:44:43

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :