بھارت میں کامیابی حاصل کرنے کا اپنا ہی مزہ ہے ، پاکستانی پہلوان

بدھ 10 فروری 2016 11:56

بھارت میں کامیابی حاصل کرنے کا اپنا ہی مزہ ہے ، پاکستانی پہلوان

گوہاٹی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔10 فروری۔2016ء) پاکستانی پہلوان محمد انعام بٹ نے کہا ہے کہ بھارت میں کامیابی حاصل کرنے کا مزا ہی کچھ اور ہے،’ہم ہر بین الاقوامی مقابلوں کی بھرپور تیاری کرتے ہیں لیکن جب بھارت کا معاملہ آتا ہے تو ہمارے جوش وخروش میں اضافہ ہو جاتا ہے اور ہم سب کچھ بھول کر صرف اور صرف گولڈ میڈل کے بارے میں سوچنا شروع کر دیتے ہیں۔

اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ’دولتِ مشترکہ کھیلوں میں جب میں نے بھارتی پہلوان انوج کمار کو ہرایا تھا تو اس وقت وہ زبردست فارم میں تھے اور انھیں ہرانا بڑی بات تھی۔ میری کارکردگی اس کے بعد مزید اچھی ہو سکتی تھی لیکن اولمپک ایسوسی ایشن کے تنازعے نے ہمیں چار سال تک کسی بھی بین الاقوامی مقابلے میں حصہ لینے کا موقع نہیں مل سکا لیکن اب پھر میں نے بھارتی پہلوان کو شکست دی ہے جس کا بین الاقوامی تجربہ مجھ سے زیادہ تھا اس بات کی مجھے بہت خوشی ہے انہوں نے کہا کہ یہ دیکھنا چاہیے کہ جن کھیلوں پر آپ اخراجات کر رہے ہیں اس کے بدلے کیا مل رہا ہے؟ کشتی میں پاکستان نے کسی بھی دوسرے کھیل سے زیادہ تمغے جیتے ہیں لیکن پاکستان میں کشتی کا ڈھانچہ بہت کمزور ہے اور سرکاری سرپرستی نہیں ہے۔

(جاری ہے)

اس کے باوجود پہلوان اپنے طور پر محنت کر کے آگے بڑھ رہے ہیں۔ اگر کشتی کے بجٹ میں معقول اضافہ کر دیا جائے تو ہم اولمپکس میں بھی تمغے جیت سکتے ہیں۔‘ساوٴتھ ایشین گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے والے پہلوان زمان انور کا کہنا ہے: ’دنیا میں کشتی کا انداز بالکل بدل چکا ہے۔ پاکستانی پہلوان اب بھی دیسی طریقے سے مٹی میں پہلوانی کرتے ہیں لیکن جب وہ انٹرنیشنل مقابلوں میں حصہ لیتے ہیں تو انھیں میٹ پر کھیلنا پڑتا ہے جو آسان نہیں ہوتا۔‘ان کا کہنا ہے کہ ساوٴتھ ایشین گیمز کے اس گولڈ میڈل سے انھیں بہت حوصلہ ملا ہے اور وہ مستقبل میں اس کارکردگی کو دوہرانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

وقت اشاعت : 10/02/2016 - 11:56:01

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :