چوتھی ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں دفاعی چیمپئن پاکستان کا مایوس کن آغاز

ْمیزبان ملائیشیا نے پاکستان کو افتتاحی میچ میں 4-2 گولز سے ہرا دیا٬ محمدعلیم بلال نے دو گولز داغے

جمعرات 20 اکتوبر 2016 18:14

چوتھی ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں دفاعی چیمپئن پاکستان کا مایوس کن آغاز
کوالالمپور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2016ء) چوتھی ایشین مینز ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں دفاعی چیمپئن پاکستان کا مایوس کن آغاز رہا٬ میزبان ملائیشیا نے پاکستان کو افتتاحی میچ میں 4-2 گولز سے ہرا کر ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا۔ محمدعلیم کے دو گولز رائیگاں گئے۔ جمعرات کو ملائیشیا میں شروع ہونے والے ایونٹ کے ابتدائی میچ میں پاکستان اور ملائیشیا کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوئیں٬ دونوں ٹیموں کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے کو آیا تاہم میزبان ٹیم نے آخری دو ہافس میں شاندار کھیل پیش کر کے میدان مار لیا۔

(جاری ہے)

ملائیشیا نے پاکستان کو 2 کے مقابلے میں 4 گولز سے ہرا کر ایونٹ کا جاندار طریقے سے آغاز کیا٬ میچ کے 13ویں منٹ میں ملائیشین پلیئر فرحان نے گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی٬ 5 منٹ بعد پاکستان کے محمد علیم بلال نے پنالٹی کارنر پر گول کر کے مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا٬ پہلے دو ہافس کے اختتام تک دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ 1-1 گول سے برابر تھا٬ تیسرے ہاف کے 34ویں منٹ میں پاکستان کے محمدعلیم بلال نے ٹیم کی طرف سے دوسرا گول کر کے گرین شرٹس کو ملائیشیا کے خلاف 2-1 گولز کی برتری دلا دی لیکن تین منٹ بعد ملائیشیا کے فضل ساری نے پنالٹی سٹروک پر گول کر کے مقابلہ 2-2 سے برابر کر دیا٬ 41 ویں منٹ میں ملائیشیا کے شاہ ریل نے گول کر کے ٹیم کو 3-2 گولز کی برتری دلا دی٬ پاکستانی کھلاڑیوں نے میچ میں برتری کیلئے سرتوڑ کوشش کی لیکن کامیاب نہ ہو سکے٬ ملائیشیا کے فضل ساری نے آخری منٹ میں گول داغ کر ٹیم کو مجموعی طور پر 4-2 گولز سے کامیابی دلائی۔

وقت اشاعت : 20/10/2016 - 18:14:35

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :