لیگ اسپنر یاسر شاہ کی کمر انجری ، سلیکشن کمیٹی نے بیک اپ بھیجنے کی درخواست منظو ر کرلی

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ شہریار خان کی منظوری سے محمد اصغر کو بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے جو اسکواڈ میں 17ویں رکن ہوں گے

جمعرات 8 دسمبر 2016 16:29

کینز(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 دسمبر2016ء) لیگ اسپنر یاسر شاہ کی کمر میں انجری کے بعد پاکستانی ٹیم مینجمنٹ نے سلیکشن کمیٹی سے اسپنر کا بیک اپ بھیجنے کی درخواست کردی ہے۔لیگ اسپنر یاسر شاہ منگل کو پریکٹس سیشن کے دوران کمر کی انجری کا شکار ہو گئے تھے جس کے بعد ڈاکٹرز نے انہیں دو دن آرام کا مشورہ دیا تھا اور اسی وجہ سے وہ وارم اپ میچ میں شرکت نہیں کر سکے۔

تاہم ڈاکٹرز کے مطابق یاسر شاہ کی انجری سنگین نوعیت کی نہیں اور وہ 15 دسمبر سے برسبین میں شروع ہونے والے ڈے نائٹ میچ میں شرکت کیلئے فٹ ہو جائیں گے۔لیکن کینز میں موجود پاکستانی ٹیم مینجمنٹ نے معاملے کی نزاکت کو بھانپتے ہوئے سلیکشن کمیٹی سے یاسر کا بیک اپ بھیجنے کی درخواست کی ہے۔سلیکشن کمیٹی نے ٹیم مینجمنٹ کی درخواست کو قبول کر لیا ہے اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ شہریار خان کی منظوری سے محمد اصغر کو بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے جو اسکواڈ میں 17ویں رکن ہوں گے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ یاسر شاہ پہلی مرتبہ کمر کی انجری کا شکار نہیں ہوئے بلکہ اس سے قبل گزشتہ سال انگلینڈ کے خلاف متحدہ عرب امارات میں شیڈول سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ سے قبل انجری کا شکار ہوئے تھے اور ٹیسٹ میچ میں شرکت نہیں کر سکے تھے۔اس کے بعد کاکول میں فوج کی زیر نگرانی منعقدہ ٹریننگ کیمپ میں بھی انجری کے بعد انہیں ایک ماہ آرام کی ہدایت کی گئی تھی۔۔
وقت اشاعت : 08/12/2016 - 16:29:20

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :