اعجاز فاروقی کرکٹ ٹورنامنٹ، منصورہ اسپورٹس کی جوہر آباد سی سی کو شکست

جمعہ 20 جنوری 2017 17:43

اعجاز فاروقی کرکٹ ٹورنامنٹ، منصورہ اسپورٹس کی جوہر آباد سی سی کو شکست
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2017ء) منصورہ اسپورٹس نے جوہر آباد سی سی کو 193 رنز سے شکست سے دوچار کیا جبکہ قذافی اسپورٹس سنگم اسپورٹس کے خلاف 7 وکٹوں کی آسان فتح حاصل کرکے کے سی سی اے زون 2 پروفیسر اعجاز فاروقی انوی ٹیشن کرکٹ ٹورنامنٹ کے گروپ میچ میں کامیابی حاصل کر لی۔ منصورہ اسپورٹس کے فواد غفور، حارث علی اور کامل محمود کی نصف سنچریاں جبکہ حارث علی نے 27 رنز پر 5کھلاڑیوں کو بھی پویلین کا راستہ دکھایا۔

قذافی اسپورٹس کے ارسلان شیخ کے 37 رنز اور عبدالباسط کی 4 وکٹوں نے فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ کے سی سی اے اسٹیڈیم پر منصورہ اسپورٹس نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 40 اوورز میں 6 وکٹوں پر 245 رنز اسکور بک میں درج کرائے۔ فواد غفور نے 84 رنز کی نمایاں اننگز میں 7 چوکے اور 2 چھکے لگائے۔

(جاری ہے)

کامل محمود نے 55 رنز میں 6 چوکے اور 2 چھکے لگائے۔ آل راؤنڈر حارث علی کے 54 رنز میں 7 چوکوں کی مدد سے بنے۔

غضنفر غنی کو 32 رنز پر 2 وکٹ ملے۔ جوہر آباد سی سی کی جوابی اننگز میں ان کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور 11 اوروز کا سامنا کرنے کے بعد 52 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ اسد آفاق 11 رنز میں 2 چوکے لگا کر دہرے ہندسہ میں پہنچنے والے واحد کھلاڑی بنے۔ حارث علی 27 رنز پر 5 کھلاڑیوں کو پویلین روانہ کرنے کا سبب بنے۔ منہاج غوری نے 3 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو نشانہ بنایا۔

ایمپائرز محمد یونس اور جلال اکبر جبکہ آفیشل اسکورر سید تیمور عالم تھے۔ ڈبلیو گراؤنڈ گلشن معمار پر سنگم اسپورٹس نے پہلے بیٹنگ کی اور پوری ٹیم 25.3 اوورز میں 147 رنز بنا کر پویلین لوٹی۔سرور خان 3چوکوں اور ایک چھکے کی بدولت 39رنز اورجاوید خان نے 36 رنز میں 3 چوکے لگائے۔ عبدالباسط نے 24 رنز پر 4 اور محمد عدیل نے 29 رنز پر 2 کھلاڑی میدان بدر کئے۔ قذافی اسپورٹس نے 3 وکٹوں پر مطلوبہ ہدف یقینی بنالیا جب 24.1 اوورز میں 148 رنز کا ہندسہ اسکور بورڈ پر لگایا گیا۔ ارسلان شیخ نے 37 رنز میں 3 چوکے، احسان رضا نے 29 رنز میں 4 چوکے اور عبدالباسط نے 26 رنز میں 5 چوکے رسید کئے۔سرور خان اور جدیم حیدر نے ایک ایک وکٹ شیئر کی۔
وقت اشاعت : 20/01/2017 - 17:43:37

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :