پاکستان کی ٹیسٹ رینکنگ مزید گر گئی، چھٹے نمبر پر پہنچ گیا

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی ٹیسٹ رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے پوائنٹس 98 ہو گئے

پیر 23 جنوری 2017 20:11

پاکستان کی ٹیسٹ رینکنگ مزید گر گئی، چھٹے نمبر پر پہنچ گیا

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2017ء) نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں شکست دے کر سیریز میں کلین سوئپ کرنے کے ساتھ ساتھ آئی سی سی رینکنگ میں پانچواں نمبر حاصل کر کے پاکستان کو اس منصب سے محروم کردیا ہے۔ولنگٹن میں سات وکٹ سے فتح حاصل کرنے والی کیوی ٹیم نے کرائسٹ چرچ میں نو وکٹ سے کامیابی حاصل کی اور کلین سوئپ کر لیا۔

اس کامیابی کے ساتھ ہی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی ٹیسٹ رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے پوائنٹس 98 ہو گئے ہیں اور اس نے پاکستان سے پانچویں پوزیشن چھینتے ہوئے گرین شرٹس کو چھٹے نمبر پر پہنچا دیا ہے۔نیوزی لینڈ کو اس وقت پاکستان پر ایک پوائنٹ کی برتری حاصل ہے جو 97 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر موجود ہے۔گزشتہ سال عالمی نمبر ایک بننے والی پاکستانی ٹیم کی ناکامیوں کی داستاں کا آغاز اس وقت ہوا جب ویسٹ انڈیز نے اسے حیران کن شکست سے دوچار کیا اس کے بعد نیوزی لینڈ نے بھی شکست سے پریشان پاکستانی ٹیم پر ہاتھ صاف کرتے ہوئے 2-0 سے کلین سوئپ کیا۔

(جاری ہے)

لگاتار تین شکستوں کے بعد آسٹریلیا پہنچنے والی پاکستانی ٹیم کیلئے یہ دورہ بھی کسی ڈراؤنے خواب سے کم نہ رہا اور اسے تینوں ٹیسٹ میچوں میں خفت کا سامنا کرنا پڑا اور وہ درجہ بندی میں نیچے گرتی چلی گئی۔عالمی درجہ بندی میں بھارت کی ٹیم 120 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے ،ْ آسٹریلیا 109 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور 107 پوائنٹس کی حامل جنوبی افریقی ٹیم تیسرے نمبر پر ہے ،ْانگلینڈ کی ٹیم چوتھے اور نیوزی لینڈ اور پاکستان بالترتیب پانچویں اور چھٹی پوزیشن پر موجود ہیں۔

بنگلہ دیش کو سیریز میں ناکامی پر تین پوائنٹس سے ہاتھ دھونا پڑا اور اس کے پوائنٹس کی تعداد اب 62 ہو گئی ۔سری لنکا کی ٹیم پاکستان سے ایک پوائنٹ کمی کے سبب ساتویں، ویسٹ انڈیز 69 پوائنٹس کے ساتھ 69، بنگلہ دیش 62 پوائنٹس کے ساتھ نویں اور زمبابوے پانچ پوائنٹس کے ساتھ دسویں نمبر پر موجود ہے۔

وقت اشاعت : 23/01/2017 - 20:11:21

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :