نگران وزیراعلیٰ پنجاب سے وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر پروفیسر خالد مسعود گوندل کی ملاقات

کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی شعبہ طب میں تاریخی حیثیت کا حامل ادارہ ہے،اسکی تاریخی حیثیت کو مزید اجاگر کرنے کی ضرورت ہے مریدکے نارووال روڈ پر نیو کیمپس کو سیالکوٹ لاہور موٹروے کیساتھ منسلک کرنے کی تجویز کا جائزہ لیں گے،کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں میرٹ کو فروغ دے کر اس کا مقام بحال کریں گے ‘نگران وزیراعلیٰ

پیر 9 جولائی 2018 17:49

نگران وزیراعلیٰ پنجاب سے وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر پروفیسر خالد مسعود گوندل کی ملاقات
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2018ء) نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری سے وزیراعلیٰ آفس میں وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر پروفیسر خالد مسعود گوندل نے ملاقات کی ۔ ڈاکٹر حسن عسکری نے اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی شعبہ طب میں تاریخی حیثیت کا حامل ادارہ ہے۔میڈیکل شعبے میں اس ادارے کی تاریخی حیثیت کو مزید اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوںنے کہا کہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں میرٹ کو فروغ دے کر اس کا مقام بحال کریں گے۔ نگران وزیراعلیٰ نے وائس چانسلر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح آپ کی میرٹ پر تعیناتی ہوئی ہے، اسی طرح اپنے ادارے میں میرٹ کو پروموٹ کریں۔انہوںنے کہا کہ میڈیکل کے شعبہ میں ریسرچ کو کلیدی اہمیت حاصل ہے اور میڈیکل ریسرچ کو فروغ دے کر بین الاقوامی میدان میں پاکستان اپنا نام پیدا کر سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ میڈیکل ایجوکیشن کے فروغ کیلئے مزید اقدامات کی ضرورت ہے اور میڈیکل ایجوکیشن کو عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونا چاہیئے۔انہوںنے کہا کہ طب کا شعبہ دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت کے جذبے کا متقاضی ہے۔ میڈیکل کے طلبہ کو دوران تعلیم انسانیت کی خدمت پر مائل کیا جائے۔انہوںنے کہا کہ یونیورسٹی کے مریدکے نارووال روڈ پر بنائے جانے والے نیو کیمپس کو سیالکوٹ لاہور موٹروے کے ساتھ منسلک کرنے کی تجویز کا جائزہ لیں گے۔

نگران وزیراعلیٰ سے ملاقات میں وائس چانسلر ڈاکٹر پروفیسر خالد مسعود نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کی تدریسی سرگرمیوں اور انتظامی امور کے بارے میں بریفنگ دی۔وائس چانسلر نے ادارے کے مستقبل کے لائحہ عمل کے بارے میں بھی نگران وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا۔ وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر پروفیسر خالد مسعود گوندل نے نگران وزیراعلیٰ ڈاکٹر حسن عسکری کو اپنی کتاب ’’مشاہدات و تاثرات‘‘ پیش کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں