25جولائی کو ترقی کے نام پر کرپشن کرنے والوں کا یوم حساب ہوگا ،شعیب صدیقی

پیر 9 جولائی 2018 22:27

لاہور۔9 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جولائی2018ء) لاہور کے صوبائی حلقے پی پی157سے تحریک انصاف کے امیدوار پنجاب اسمبلی محمد شعیب صدیقی سے الفیصل ٹاؤن میں سید اعجاز الحسن شاہ کی قیادت میں اہل تشیع برادری کے وفد نے ملاقات کر کے عبدالعلیم خان اور اٴْن کی بھرپور حمایت کا اعلان کر دیا ہے جبکہ بنگالی محلہ میں کامران سعیداوربکر محلہ میں چوہدری واجد نے شعیب صدیقی کے اعزاز میں استقبالیہ دے کر اٴْن کی بھرپور سپورٹ کرنے کا وعدہ کیا ، پی پی157کے علاقے جھلار سے کرسچین کمیونٹی اور نیو آفیسر کالونی کی وارڈ 1سے مسلم لیگ ن کے رانا ندیم نے بھی شعیب صدیقی اور عبدالعلیم خان کی بھرپور حمائیت کرنے اور ان کی انتخابی مہم میں حصہ لینے کا اعلان کیا ہے ، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شعیب صدیقی نے کہا کہ25جولائی کو ترقی کے نام پر کرپشن کرنے والوں کا یوم حساب ہوگا ، عوام کے ٹیکسوں کی کمائی کو ضائع کرنے والوں کو مسترد کر دیں گے اور اپنے ووٹ کا استعمال عمران خان کو اقتدار میں لانے کیلئے قومی فریضہ سمجھ کر کریں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ25جولائی ہر شہری کے شعور کے امتحان کا دن ہے جس میں بلے کو بھاری مینڈیٹ حاصل ہوگا۔دریں اثناء شعیب صدیقی نے بنگالی محلہ ،بکر محلہ ، برکی روڈ ، لاہور کینٹ ، صدر بازار اور ملحقہ علاقوں میں ڈور ٹو ڈور انتخابی مہم جاری رکھی ،لوگوں سے ملاقاتیں کیں جنہوں نے انہیں اپنی بھرپور سپورٹ کا یقین دلا یا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں