
کورونا وبا : تعلیم اور طالب علموں پر اثرات
منگل 16 فروری 2021

ڈاکٹر لبنی ظہیر
(جاری ہے)
برطانوی ماہرین تعلیم اور محققیق نے بھی اس معاملے پر گہری نگاہ رکھی ہوئی ہے۔ صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد ، ایک نتیجہ یہ نکلا ہے کہ برطانیہ میںآ ن ۔لائن تعلیم اور امتحانات کی وجہ سے نقل کا رجحان تیزی سے فروغ پایا ہے۔ جامعات کے وہ طالب علم جو آن ۔ کیمپس تعلیم اور امتحانات کی وجہ سے محنت کیا کرتے تھے، وہ نقل کے نت نئے طریقے تلاشتے پھرتے ہیں۔ یہ بات سامنے آئی ہے کہ بیشتر طالب علم اپنی اسائنمنٹ بنانے کے بجائے، بنی بنائی اسائنمنٹ خریدتے اور اساتذہ کو جمع کر وا دیتے ہیں۔تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ کورونا کے ہنگام طالب علموں کو ریڈی میڈ مضامین کی سہولت فراہم کرنے والی ویب سائٹوں اور کمپنیوں کا کاروبار خوب چمکا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ برطانیہ میں یہ مطالبہ زور پکڑ رہا ہے کہ جامعات کی ساکھ اور اعتبار قائم رکھنے کیلئے مضامین لکھنے والی فیکٹریوں (یعنی ویب سائیٹوں اور کمپنیوں) کو غیر قانونی قرار دیا جائے اور اس کاروبار پر پابندی عائد کی جائے۔
اب ذرا پاکستان کی صورتحال پرنگاہ ڈالتے ہیں۔ یہاں کسی جائزے اور تحقیق کی ضرورت محسوس نہیں کی گئی۔ اگرچہ اس وبا کے بعد ہم ہاتھ پر ہاتھ دھر کر نہیں بیٹھے۔ اسکول ، کالج اور یونیورسٹیاں اپنے اپنے طور پر ہاتھ پیر مارتی رہیں۔جیسے تیسے آن۔لائن تعلیم کا انتظام بھی کیا۔ حکومتی سطح پر بھی وقتا فوقتا اجلاس ہوتے رہے اور مختلف ہدایات جاری ہوتی رہیں۔ ان تمام کاوشوں سے یہ ہوا کہ تعلیم کا سلسلہ کسی نہ کسی طور جاری رہا۔ اور مکمل طور پر نہیں رکا۔ لیکن سچ یہ ہے کہ پاکستان میں ہم تعلیم کے حوالے سے ٹھوس اقدامات نہیں کر سکے۔تعلیم کیساتھ برسوں سے یہی ہو رہا ہے۔کہنے کی حد تک ہر حکومت تعلیم کو اپنی ترجیح قرار دیتی ہے۔ لیکن عملی طور پر یہ شعبہ ترجیحات کی فہرست میں کہیں آخر میں پڑا رہتا ہے۔ حکومتی ترجیحات کو ماپنے کا سب سے آسان طریقہ تو یہ ہے کہ تعلیم کیلئے مختص ہونے والے بجٹ اور فنڈز کا جائزہ لے لیا جائے۔ بدقسمتی سے گزشتہ برسو ں میں تعلیمی بجٹ میں اضافے کے بجائے، کمی ہوئی ہے۔ نتیجہ یہ نکلا کہ نامور سرکاری ادارے دیوالیہ ہونے کے دہانے تک جا پہنچے۔ پشاور یونیورسٹی اور لاہور کی انجینئرنگ یونیورسٹی کی مثالیں ہمارے سامنے ہیں۔
بہرحال کورونا کے ہنگام ضروری تھا کہ کچھ خصوصی اقدامات کئے جاتے۔ ہمارے ہاں آن ۔لائن ایجوکیشن کا آغاز تو کر دیا گیا مگر اس کے لئے مطلوب سہولیات کا جائزہ لینے کی ضرورت تک محسوس نہیں کی گئی۔ ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ سب سے پہلے انٹرنیٹ کی صورتحال کا جائزہ لیا جاتا۔ دیکھا جاتا کہ کسقدر مضبوط اور توانا سگنل والا انٹرنیٹ میسر ہے۔ملک کے کن علاقوں میں یہ سہولت میسر نہیں۔ ہوا مگر یہ کہ بغیر کسی جائزے اور منصوبہ بندی کے آن۔لائن تعلیم کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ دور دراز کے بیشتر علاقوں میں انٹرنیٹ یا تو سرے سے دستیاب ہی نہیں ہے یا پھر سگنلز انتہائی کمزور ہیں۔ اس صورتحال کی وجہ سے طالب علم ٹھیک سے آن۔لائن تعلیم حاصل نہیں کر سکے (اور اب بھی نہیں کر رہے)۔خاص طور پر بلوچستان کے پسماندہ علاقوں اور فاٹا سے تعلق رکھنے والے طالب علم بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔لازم تھا کہ اعلیٰ ترین سطح سے اس صوتحال کا جائزہ لے کر کوئی حکمت عملی مرتب کی جاتی۔ انٹرنیٹ اور دیگر سہولیات کا نظام بہتر بنانے کی کاوش کی جاتی۔لیکن بد قسمتی سے اتنے مہینے گزرنے کے باوجود صورتحال جوں کی توں ہے۔
آن۔ لائن تعلیم کے آغاز کیساتھ ہی یہ مطالبہ سامنے آیا تھا کہ طالب علموں کے لئے رعائتی نرخوں پر انٹرنیٹ پیکج متعارف کروائے جائیں۔ اس مطالبے کو بھی سنجیدہ نہیں لیا گیا۔ اساتذہ کے لئے بھی آن۔لائن پڑھانے کا تجربہ نیا تھا۔ چند ایک تعلیمی اداروں نے اپنے طور پر تربیت کا اہتمام کیا۔ مگر بیشتر تعلیمی اداروں کے اساتذہ تجرباتی طور پر پڑھاتے اور کچھ نہ کچھ سیکھتے رہے۔ بہت اچھا ہوتا اگر تعلیمی ادارے طالب علموں سے فیڈ بیک لینے کا کوئی نظام وضع کرتے۔ تاکہ نشاندہی ہو سکتی کہ طالب علموں کو کس قسم کی شکایات پیدا ہو رہی ہیں۔سچ یہ ہے کہ سنجیدہ طالب علموں کی اکثریت آن ۔لائن تعلیم کی صورتحال سے مطمین نہیں ہے۔ عدم اطمینان کی ایک وجہ استاد کی کارکردگی ہے۔ پرائیویٹ اداروں نے اس کا اہتمام کر رکھا ہے۔ لیکن سرکاری تعلیمی اداروں میں استاد کی نگرانی کا کوئی نظام موجود نہیں۔جامعات کے طالب علموں کو شکایات ہیں کہ بہت سے اساتذہ باقاعدگی سے لیکچر نہیں دیتے۔ اگر کلاس لیتے بھی ہیں تو مختصر وقت کے لئے پڑھا کر طالب علموں کو چھٹی دے دیتے ہیں۔ لیکن کوئی پوچھنے والا نہیں۔
برطانیہ جیسا ملک بھی اس نتیجے پر پہنچا ہے کہ آن۔لائن تعلیم کی وجہ سے نقل کا رجحان بڑھا ہے۔ پاکستان میں یہ صورتحال پہلے سے موجود تھی۔یہاں ایم ۔فل اور پی۔ایچ۔ڈی تک کے بنے بنائے(ready made) مقالے بکتے ہیں۔ اندازہ کیجئے کہ کورونا میں کیا صورتحال ہو گی۔ اس سارے قصے میں سرکاری اسکولوں کے حال کی کچھ خبر نہیں۔ ہمارے ذیادہ تر سرکاری سکولوں میں چار دیواری، لیٹرین اور پینے کے صاف پانی جیسی بنیادی سہولت تک میسر نہیں،۔آن۔لائن ایجوکیشن کا تو خیر ذکر ہی کیا۔ حکومت نے نہایت جوش و خروش سے پی۔ٹی۔وی کے تعلیمی چینل کا آغاز کیا تھا۔ وہ تجربہ بھی ناکام رہا۔نجانے اتنے ماہ سے سرکاری اسکولوں کے طالب علموں پر کیا بیت رہی ہو گی۔
ضرورت اس امر کی ہے کہ اس ساری صورتحال کا جائزہ لیا جائے۔ معاملات کی اصلاح احوال کی کاوش کی جائے۔ انٹر نیٹ اور دیگر انتظامی ڈھانچے کو بہتر بنانا حکومتوں کا کام ہے۔ لیکن اساتذہ کے لیکچروں میں باقاعدگی اور کلاس کے دورانیے کو یقینی بنانا یقینا تعلیمی اداروں کے اپنے ہاتھ میں ہے۔ اگر اس جانب توجہ نہیں دی جاتی تو معلوم نہیں کہ اس وبا ئی دور میں تعلیمی اسناد حاصل کرنے والے طالب علموں کی علمی اور ذہنی استعداد کار کیا ہو گی۔ یہ طالب علم جب نوکریوں کے حصول کے لئے نکلیں گے تو نجانے ان پر کیا بیتے گی۔
ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
تازہ ترین کالمز :
ڈاکٹر لبنی ظہیر کے کالمز
-
میسور میں محصور سمیرا۔۔!
ہفتہ 19 فروری 2022
-
چیئرمین ایچ۔ای۔سی ، جامعہ پنجاب میں
جمعرات 10 فروری 2022
-
خوش آمدید جسٹس عائشہ ملک!
ہفتہ 29 جنوری 2022
-
وقت کسی کا انتظار نہیں کرتا
ہفتہ 8 جنوری 2022
-
انتہاپسندی اور عدم برداشت
منگل 4 جنوری 2022
-
پنجاب یونیورسٹی کانووکیشن : ایک پر وقار تقریب
جمعہ 24 دسمبر 2021
-
جعل سازی اور نقالی کا نام تحقیق!!
جمعہ 10 دسمبر 2021
-
تعلیم کا المیہ اور قومی بے حسی
بدھ 8 دسمبر 2021
ڈاکٹر لبنی ظہیر کے مزید کالمز
کالم نگار
مزید عنوان
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2025, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.