امریکہ یاترا، خان صاحب اورعافیہ صدیقی

پیر 22 جولائی 2019

Dr Syed Musharaf Hussain Bukhari

ڈاکٹر سید مشرف حسین بخاری

ڈاکٹر عافیہ صدیقی پاکستان کی وہ مظلوم بیٹی ہے جس نے کئی سال امریکہ کی قید میں گزار دیے کئی وزیروں نے ان کے اہلخانہ کو تسلیاں بھی دی کہ عافیہ گھر واپس آ جائے گی ،مگر یہ تسلیاں فقط طفل تسلیاں ہی ثابت ہوئیں۔خان صاحب کی وہ تقریریں بھی سنی جس میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی مظلومیت بیان کرتے تھے اور اپنی حکومت آنے کے بعد ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کا بھی کہتے تھے۔

پھر خدا نے انہیں اقتدار سے بھی نواز دیا،اب خان صاحب کا امتحان ہے وہ اپنے اس امتحان میں کتنے پاس ہوتے ہیں یا سابقہ حکمرانوں کی طرح ناکام ہو جاتے ہیں۔
خان صاحب اس وقت امریکہ کے دورے پر ہیں،خان صاحب کا یہ دورہ بہت اہمیت کے حامل ہے جہاں بہت سارے معاملات پر سمجھوتے ہونگے وہاں خان صاحب کی ترجیحات میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

(جاری ہے)

سابقہ حکمرانوں کی طرح روش نہیں اپنانی چاہیے ویسے بھی حکومت میں آنے سے پہلے کافی جلسوں میں خان صاحب عافیہ کی رہائی اور اس کی مظلومیت پر بات کر چکے ہیں۔قدرت نے بڑا حسین موقع دیا ہے تو خان صاحب کو یہ گنوا نہیں چاہیے کسی بھی صورت میں۔عافیہ کے لیے ہر پاکستانی کرب کا شکار ہے اور اس قوم و ملت کو اس کرب سے نکالنے کے لیے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو وطن واپس لا کے ہی ختم کیا جاسکتا ہے۔

سابقہ حکومتوں نے بھی کئی بار وعدے وعید کیے مگر اقتدار میں آتے ہیں سب فراموش کر گئے لیکن خان صاحب سے یہ امید باقیوں سے کہیں بڑھ کر ہے کیونکہ خان صاحب پاکستان میں مدینہ جیسی ریاست بنانا چاہتے ہیں اسلامی نظام عدل لانے کے خواہاں ہیں تو اب خان صاحب کے کاندھوں پہ بہت بڑی ذمہ داری ہے خان صاحب کا دورہ امریکہ عافیہ صدیقی اور اس کے اہلخانہ کے لیے بہت اہمیت کے حامل ہے جہاں ایک بوڑھی ماں اپنی مظلوم بیٹی کی کب سے راہ دیکھ رہی ہے ایک بہن اپنی بہن کے لیے کتنی جد وجہد میں لگی ہے کہ اس کی بہن وطن واپس آ جائے۔

عافیہ کے بچے بھی اپنی ماں کو دیکھنے کے لیے بے چین ہونگے اور ان سب کی امید آپ سے فقط آپ سے خان صاحب منسوب ہے۔آپ کی حکومت سے اْمیدیں وابستہ ہیں.لیکن اگر آپ بھی اس دورے پر معاشی،اقتصادی اور دوسرے دیگر امور پر بات تو کرتے ہیں مگر عافیہ صدیقی کے حوالے سے کوئی بات نہیں کرتے ہیں تو یقین جانیے پاکستان کی قوم آپ کو معاف نہیں کرے گی۔ایک ماں آپ کو کبھی معاف نہیں کرے گی جسے آپ کی شعلہ بیان تقریروں سے ایک امید کی کرن ملی ہے اس امید کو اس بھرم کو باقی رہنے دیجئے گا خان صاحب اس سے آپ کی مدینہ کی ریاست کو ہی فائدہ ہے جس مدینہ کی ریاست آپ بنانا چاہتے ہیں اس کی بنیاد ہی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی سے رکھتے تو ہر مسلمان کا دل موہ لیتے خیر اب بھی کوئی دیر نہیں ہوئی اب بھی آپ ڈاکٹر عافیہ صدیقی اور ان کے اہلخانہ کے لیے ایک امید ہیں اور آپ کا دورہ امریکہ ان کے لیے بہت اہمیت کے حامل ہے۔

اللہ پاک آپ کا دورہ کامیاب کرے اور دعا ہے آپ کا دورہ امریکہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے بھی موثر ثابت ہو.آمین

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :