
اپنے بھی خفا مجھ سے ہیں بیگانے بھی ناخوش
پیر 11 ستمبر 2017

پروفیسر رفعت مظہر
(جاری ہے)
ہم گزشتہ سترہ سالوں سے امریکی احکامات پر سرِتسلیم خم کرتے رہے لیکن اُس نے کبھی ہماری کوششوں اور کاوشوں کو کھُلے دِل سے تسلیم نہیں کیا۔ اُسے یقین دلاتے دلاتے ہم نے ستّر ہزار سے زائد شہری شہید کروا لیے، ایک سو بیس ارب ڈالر سے زائد اِس اندھی جنگ میں جھونک دیئے اور اپنی معیشت کو عشروں پیچھے دھکیل دیالیکن نتیجہ امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کی جنوبی ایشیا کے بارے میں نئی پالیسی کی صورت میں ظاہر ہوا۔
اَسّی کی دہائی سے اب تک ہم نے افغان بھائیوں کی دامے ،درہمے، سخنے، قدمے، ہر لحاظ سے مدد کی۔ چالیس لاکھ سے زائد افغان مہاجرین اب بھی پاکستان میں موجود ہیں جو ہماری معیشت پر نہ صرف بہت بڑا بوجھ ہیں بلکہ انہی مہاجرین کی بستیوں میں دہشت گرد بھی پناہ لیتے ہیں۔ اتنی قُربانیوں کے باوجود پہلے افغان صدر حامد کرزئی پاکستان کے خلاف زہر اگلتا رہااور اب صدر اشرف غنی بھارتی وزیرِاعظم نریندرمودی کی جھولی میں بیٹھ کر بڑھکیں لگا رہاہے، جبکہ ہم اقوامِ عالم کو یہ یقین بھی نہ دلا سکے کہ فساد کی اصل جَڑتوبھارت ہے جو افغانستان میں بیٹھ کر پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیاں کروا رہا ہے۔ اگر ہماری خارجہ پالیسی میں ایسے رخنے نہ ہوتے تو امریکی صدر اپنے جنوبی ایشیاء کے پالیسی بیان میں نہ تو پاکستان کو یوں الزامات کا نشانہ بناتا اور نہ ہی بھارت کو افغانستان میں موٴثر کردار دینے کی بات کرتا۔ ہمارے دبنگ چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے تو اُسی وقت امریکہ کو دنداں شکن جواب دیتے ہوئے کہہ دیا کہ پاکستان کو امریکہ کی مالی امداد کی ضرورت ہے نہ عسکری امداد کی لیکن حکومتِ پاکستان کو یہ فیصلہ کرنے میں تین دِن لگ گئے حالانکہ پہلا ردِعمل ہمارے نومنتخب وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی کی طرف سے آنا چاہیے تھا۔
یومِ دفاعِ پاکستان کے موقع پر جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقد ہونے والی اختتامی تقریب میں آرمی چیف کا خطاب بھی انتہائی جامع تھا۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان ، افغانستان میں قیامِ امن کی کوششوں میں امریکہ اور نیٹوکی مدد کے لیے تیار ہے لیکن پاکستان کی سلامتی کو مقدم رکھ کر۔ اُنہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا ” عالمی طاقتیں ہمیں اپنی ناکامیوں کا ذمہ دار نہ ٹھہرائیں۔ اگر پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کام نہیں کیا تو دنیا کے کسی بھی ملک نے کچھ نہیں کیا۔ محدود وسائل کے ساتھ ایسی کامیابی پاکستان ہی کا کمال ہے۔ پاکستان نے بہت کچھ کر لیا ،اب دُنیا ”ڈومور“ کرے ۔اسلام آباد ،واشنگٹن سے امداد نہیں ،باعزت تعلقات چاہتا ہے“۔ آرمی چیف نے امریکی وزیرِخارجہ ٹیلرسن کے جواب میں کہا ”ہم افغانستان کی جنگ پاکستان میں نہیں لڑ سکتے“۔۔۔۔قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس ،پاکستانی سفیروں کی تین روزہ کانفرنس اور وزرائے خارجہ ودفاع کے بیانات سے یہ تو واضح ہو گیا کہ پاکستان اب نئی راہوں کا متلاشی ہے۔ سوال مگر یہ کہ آخر پہلے ہی یہ ادراک کیوں نہیں کر لیا گیاکہ پاکستان کے گرد گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے۔
امریکی صدر کی پاکستان کے حوالے سے نئی اشتعال انگیز حکمت عملی پر پورے ملک میں شدید احتجاج ہوا اور یہ بھی سمجھا جانے لگاکہ شاید اب امریکی ”دوستی“ سے نجات مل جائے گی۔ ہم تو خوش تھے کہ ہمارا عظیم دوست چین ہماری پُشت پر کھڑا ہے لیکن
اپنے ہی دوستوں سے ملاقات ہو گئی
برکس کانفرنس کے بعد یوں محسوس ہوتا ہے جیسے اپنے اور بیگانے ،سبھی ہم سے ناخوش ہوں۔ چین نے برکس اعلامیہ کے بعد یہ کہتے ہوئے ہماری اشک شوئی کرنے کی کوشش کی کہ اِس اعلامیے میں کہیں پاکستان کانام نہیں لیا گیا اور جن تنظیموں کا ذکر کیا گیا ہے ،اُن پر پہلے ہی اقوامِ متحدہ پابندی لگا چکا ہے۔ اِس کے علاوہ 8 ستمبر کو پاکستانی وزیرِخارجہ خواجہ آصف کے ایک روزہ چینی دَورے کے دَوران چینی وزیرِخارجہ وانگ ژی نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بدلتی ہوئی علاقائی اور بین الاقوامی صورتِ حال میں چین پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔ دونوں ملک ایک دوسرے کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے۔ اُنہوں نے کہا ”چین دہشت گردی کے خلاف پاکستانی جنگ کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ پاکستان نے اِنسدادِ دہشت گردی کے لیے بھرپور کوششیں کی ہیں۔ بین الاقوامی برادری کو پاکستان کی اِن کوششوں کا مکمل کریڈٹ دینا چاہیے۔ چین پاکستان کی ترقی میں کردار ادا کرتا رہے گا۔ ہم پاک چین اسٹریٹیجک تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں“۔ چینی وزیرِخارجہ کا یہ بیان حوصلہ افزاء لیکن برکس اعلامیہ اِس کی تصدیق نہیں کرتا۔ ہمارے اِس دوست کو یاد رکھنا ہو گا کہ دشمن کی طرف سے مارے جانے والے پتھر سے اتنی تکلیف نہیں ہوتی ،جتنی دوست کے پھول مارنے سے۔
ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
تازہ ترین کالمز :
پروفیسر رفعت مظہر کے کالمز
-
پنچھی پَر پھڑپھڑانے لگے
منگل 15 فروری 2022
-
جھوٹ کی آڑھت سجانے والے
منگل 8 فروری 2022
-
اُنہوں نے فرمایا ۔۔۔۔ ۔
پیر 31 جنوری 2022
-
صدارتی نظام کا ڈھنڈورا
پیر 24 جنوری 2022
-
کورونا کی تباہ کاریاں
منگل 4 جنوری 2022
-
جیسی کرنی، ویسی بھرنی
منگل 28 دسمبر 2021
-
قصّہٴ درد سناتے ہیں کہ مجبور ہیں ہم
منگل 21 دسمبر 2021
-
ہم جس میں بَس رہے ہیں
پیر 13 دسمبر 2021
پروفیسر رفعت مظہر کے مزید کالمز
کالم نگار
مزید عنوان
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2025, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.