چین میں پاکستان کے لئے ایک اور اعزاز

جمعرات 16 ستمبر 2021

Zubair Bashir

زبیر بشیر

ہم بچپن سے سنتے آئے ہیں کہ " کتاب سب سے بہترین دوست ہے اور یہی حقیقت بھی ہے ۔زندگی کی طویل شاہراہ پر ہمیں بےشُمار دوست ملتے ہیں جو کبھی نہ کبھی ،کہیں نہ کہیں زندگی کی بھیڑ میں گم ہو جاتے ہیں لیکن  کتاب  ایسا دوست ہے جو کبھی بھی ،کہیں بھی ،ہمارا ساتھ نہیں چھوڑتی ،یہی وجہ ہے کہ کتاب کی اہمیت کسی بھی دور میں کم نہیں ہوسکتی۔

میں یہ یقین سے کہہ سکتا ہوں جتنا علم کتاب پڑھنے سے حاصل ہوتا ہے وہ کمپوٹر یا ٹی وی دیکھنے سے نہیں حاصل ہوسکتا، دنیاجتنی مرضی ترقی کرلےلیکن کتاب کی اہمیت ختم نہیں ہو سکتی۔کتاب کی اہمیت چینی قوم سے بہتر کون سمجھ سکتا ہے۔ اس قوم نے کتاب کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنایا اور آج ترقی کی منازل طے کرتے ہوئے دنیا کے افق پر ایک روشنی ستارے کی مانند چمک رہی ہے۔

(جاری ہے)

چینی قوم کی کتاب سے محبت  کا مظہر یہاں منعقد ہونے والے کتب میلے بھی ہیں۔ انہی میں سے ایک اہم ترین کتب میلہ " بیجنگ انٹرنیشنل بک فئیر ہے۔ اس سال اس میلے کا اٹھائیسواں سیشن منعقد ہورہا ہے۔
بیجنگ میں میری یادوں میں ایک مستقل باب بیجنگ انٹرنیشنل بک فئیر کا بھی ہے۔ یہ مسلسل تیسری مرتبہ ہے کہ میں اس میلے میں شرکت کر رہا ہوں۔ پہلی مرتبہ پیارے دوست شاکر صاحب کے ہمراہ آیا تھا ۔

اب دو مرتبہ دفتری امور کے حوالے سے آنا ہوا ہے۔ اس میلے کا نمائش ہال ہمارے رہائش خاصا دور ہے۔ لہذا میں اور اردو سروس کی ساتھی عفت صاحبہ علی الصبح شرکت کے لئے روانہ ہو گئے۔ نمائش ہال میں پاکستانی سفارت خانے میں تعینات پریس اتاشی محترمہ  سیدہ سائرہ رضا نے ہمیں خوش آمدید کہا۔ یہیں محترم جناب احمد فاروق صاحب ڈپٹی ہیڈ آف مشن سے بھی ملاقات ہوئی جو کتابوں کی رفاقت میں بہت خوش نظر آرہے تھے۔

 
اٹھائیسواں بیجنگ بین الاقوامی کتب میلہ چودہ تاریخ کو بیجنگ میں شروع ہوا۔ پاکستان رواں سال منعقد ہونے والے اس میلے کا مہمان خصوصی ملک ہے۔ اسی روز اس حوالے سے ایک افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان جناب معین الحق نے کہا کہ رواں برس چین اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 70 ویں سالگرہ منائی جارہی ہے۔

اس مناسبت سے اس بک فیئر کے مہمان خصوصی ملک کے طور پر شرکت پاکستان کے لئے ایک اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ میلے میں  پاکستان اور چینی کمیونسٹ کے پویلین ساتھ ساتھ واقع ہیں جو دونوں ملکوں کے دوستانہ تعلقات کا اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پلیٹ فارم سے استفادہ کرتے ہوئے بہت سی پاکستانی کتب متعارف کروائی گئی ہیں۔

یہ پلیٹ فارم چینی لوگوں میں پاکستان ادب وثقافت کو متعارف کروانے میں مدد گار ثابت ہوگا۔ افتتاحی تقریب میں  چینی کمیونسٹ پارٹی  کے سیاسی بیورو کے رکن  اور کمیونسٹ پارٹی کے  شعبہ تشہیر کے سربراہ جناب ہوانگ  کھن منگ خصوصی طور پر شریک ہوئے۔ یہ میلہ  اٹھارہ ستمبر تک جاری رہے گا۔ افتتاحی تقریب میں چینی مہمانوں کے ساتھ ساتھ بیجنگ میں پاکستانی سفارت خانے سے تعلق رکھنے والے افسران اور میڈیا نمائندگان بھی شریک ہوئے۔

اس دوران سفیر پاکستان آنے والے معزز مہمانان گرامی کو پاکستانی کتب اور نمائش میں موجود مصوری کے فن پاروں سے متعارف کرواتے رہے۔  پاکستان کے اسٹال پر پاکستان کے اہم سیاحتی مقامات کی تعارفی کتب بھی آنے والوں کے لئے دلچسپی کا باعث تھیں۔
یہ میلہ اور اس میلے میں لوگوں کی دلچسپی ظاہر کرتی ہے کہ کتاب سے بہتر ہم نشیں کوئی نہیں۔ اچھی کتاب کی ہر سطر حکمت و دانائی سے لبریز، پاکیزہ خیالات کا سرچشمہ اور اپنے قاری کی رہنما ثابت ہوتی ہے۔

سوشل اور الیکٹرانک میڈیا کی یلغار کے اس دور میں اگر کوئی بندہ کتاب سے تعلق استوار رکھتا ہے تو اس کے صاحبِ فہم و فراست ہونے میں کوئی شبہ نہیں۔  
بیجنگ انٹرنیشنل بک فئیر میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کا شاندار پویلین بھی دیکھنے سے تعلق رکھتا تھا۔  اس پویلین  کو بہت خوبصورتی سے سجایا گیا تھا۔ رواں برس کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے قیام کی 100 ویں سالگرہ منائی جارہی ہے۔

اس مناسبت سے یہاں بہت زیادہ سرگرمی اور گہما گہمی دیکھنے میں آئی۔
پاکستان چائنا گلوبل پبلشنگ ہاوس کا سٹال دیکھ کر بھی بہت خوشی ہوئی یہاں چین سے متعلق پاکستانیوں کے سفر نامے اور چینی لیٹریچر کے اردو تراجم موجود تھے۔ خصوصاً اس اسٹال پر بچوں سے متعلق بہت کچھ تھا۔
بیجنگ انٹرنیشنل بک فئیر کے نمائش ہال میں ایک جہان آباد تھا جہاں دنیا بھر کے نامور  پبلشنگ ہاؤسز نے  اپنی کتب نمائش کے لئے رکھی تھیں۔ میں نے  یہاں سے  چند کتابیں خریدیں اور چند ایک تحفے میں ملیں امید ہے ان کتابوں کی رفاقت میں اچھا وقت گزرے گا۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :

متعلقہ عنوان :