مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کیلئے او آئی سی کو 10 تجاویز دی ہیں‘ سردار عتیق

ہفتہ 23 ستمبر 2006 18:10

نیویارک (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین23ر2006 ) آزاد کشمیر کے وزیر اعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات کی دوبارہ بحالی کا فیصلہ خوش آئند ہے اور اس سے مسئلہ کشمیر کے حل میں مدد ملے گی۔ کشمیر ی عوام جنوبی ایشیاء میں امن عمل کی کوشش کی حمایت جاری رکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں امریکہ میں مقیم کشمیریوں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ صدر جنرل پرویز مشرف اور بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ نے دوبارہ مذاکرات شروع کرنے کا جو فیصلہ کیا ہے یہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے فیصلہ کن ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے او آئی سی کے رابطہ گروپ کے اجلاس میں مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے 10 تجاویز پیش کی ہیں جس سے کشمیر کاز کو مزید تقویت ملے گی۔

(جاری ہے)

سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کے لئے بہتر ماحول ہے۔

انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کار آزاد کشمیر میں محفوظ سرمایہ کاری کر سکتے ہیں اور زیادہ سے زیادہ منافع کما سکتے ہیں کشمیری وفد نے آزاد کشمیر کے وزیر اعظم کی پالیسیوں پر اپنے بھر پور اعتماد کا اظہار کیا اور انہیں بھر پور مدد کی یقین دہانی کرائی۔ سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ پاکستان میں قومی شاہرات اور موٹر ویز کے نیٹ ورک کو مزید پھیلانے کے لئے آزاد کشمیر کے سرمایہ کار یہاں سرمایہ لگا کر اسے زیادہ منافع بخش بنا سکتے ہیں۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے انہیں یہاں محفوظ سرمایہ کاری کرنے اور تحفظ فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔