او آئی سی مسئلہ کشمیر حل کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے‘ سردار عتیق

منگل 26 ستمبر 2006 15:20

نیویارک (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین26ستمبر2006 ) وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ بامقصد اور بامعنی مذاکرات کے ذریعے مسئلہ کشمیر حل کیا جاسکتا ہے مذاکرات کے لئے ساز گار ماحول ضروری ہے او آئی سی کشمیر کاز کے حوالے سے عالمی سطح پر آواز بلند کررہی ہے وزیراعظم آزاد کشمیر گزشتہ روز اسلامی کانفرنس تنظیم کے وزرائے خارجہ کانفرنس کے سالانہ کوآرڈینیٹنگ اجلاس سے خطاب کررہے تھے انہوں نے کہا کہ او آئی سی مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لئے اہم کردار ادا کرسکتی ہے مذاکرات کے ذریعے مسئلہ کشمیر کا حل عین ممکن ہے انہوں نے کہا کہ کشمیری مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پاکستان اور بھارت کے ساتھ مذاکرات میں شامل ہونا چاہتے ہیں وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ پاکستان اور او آئی سی کی مسئلہ کشمیر کے پرامن و منصفانہ حل کیلئے کی جانے والی کوششیں قابل تحسین ہیں انہوں نے کہا کہ کشمیر کے دونوں حصوں کے درمیان کشمیریوں کی آمدورفت میں اضافہ کرتے ہوئے اس عمل کو مزید آسان بنانا چاہئے نئے راستے کھولے جائیں تجارت ٹرک سروس شروع کی جائے بھارتی مقبوضہ کشمیر میں سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال بہتر بنائی جائے ظالمانہ قوانین تبدیل کئے جائیں سول زندگی بحالی کی جائے مقبوضہ کشمیر کے شہروں قصبوں اور دیہاتوں سے بھارتی فوج کا انخلاء کیا جائے وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ کشمیری اپنا اور جنوبی ایشیاء کے بہتر مستقبل کے خواہاں ہیں کشمیریوں کو حق خودارادیت دینا مسئلہ کشمیر کا بہترین حل ہے انہوں نے کہا کہ کشمیری مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے او آئی سی کے کردار کا خیر مقدم کرتے ہیں مقبوضہ کشمیر میں آٹھ لاکھ بھارتی فوج تعینات ہے کشمیریوں کی جدوجہد گزشتہ چھ عشروں سے جاری ہے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال نہایت خراب ہے بھارت نے کشمیر کی کنٹرول لائن پر 450 میل طویل خاردار تاروں کی سولہ فٹ بلند تار نصب کررکھی ہے وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم اور پابندیوں کی اس صورتحال کے برعکس آزاد کشمیر سب کے لئے کھلا ہے آزاد کشمیر میں عالمی ترقیاتی ایجنسیاں موجود ہیں این جی اوز میڈیا اور عالمی ریلیف تنظیمیں آزاد کشمیر کے ہر علاقے میں موجود ہیں وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ہم پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات کی بحالی کا خیر مقدم کرتے ہیں کشمیری پاکستان اور بھارت کے ساتھ امن عمل میں اپنا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں ریاست کشمیر کے عوام صدر جنرل پرویز مشرف کی ڈی ملٹرائزیشن اور سیلف گورننس کی تجاویز کی حمایت کرتے ہیں بھارت کو صدر جنرل پرویز مشر ف کی کشمیر سے متعلق تجاویز کا مثبت جواب دینا چاہئے بھارت کو مسئلہ کشمیر حل کرنے اور جنوبی ایشیاء میں امن و ترقی کے لئے نئے دور کا آغاز کرنے کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہئے وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ جنوبی ایشیاء کے لوگ اپنا حق رائے دہی استعمال کرچہے ہیں لیکن ریاست کشمیر کے عوام اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے حق سے محروم ہیں انہوں نے کہا کہ ریاست جموں و کشمیر ملٹی کلچرل ریجن ہے وزیراعظم آزاد کشمیر نے مسئلہ کشمیر سے متعلق دس نکاتی ایجنڈا اپنانے پر او آئی سی کا شکریہ ادا کیا۔